اداکارہ خوشبو کا حکومت سے سائبر کرائم کے اداروں کو متحرک کرنے کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(زین مدنی)پاکستانی اداکارہ خوشبو نے وزیر اعظم شہباز شریف اور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی س وہ سائبر کرائم کے اداروں کو متحرک کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ خوشبو نے محفل تھیٹر میں شوبز شخصیات کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے مخصوص لوگ اپنی جے جےکار بنانے کے لئے سوشل میڈیا کو اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کررہے ہیں،حال ہی میں چند نام نہاد ڈانسرز نے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لئے میرے بارے میں نازیبا گفتگو کی،ان نام نہاد ڈانسرز نے سوشل میڈیا پر گند مچا رکھا ہے۔
حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کرے تاکہ آج جو کچھ میرے ساتھ ہوا ہے وہ مستقبل میں کسی اور شہری کے ساتھ نہ ہوسکے آج کی پریس کانفرنس کا مقصد بھی یہی ہے کہ اس کام کو روکا جائے۔
خوشبو نے کہا کہ میرا ماضی سب کے سامنے ہے اور شوبز کی یہ بڑی شخصیات جو آج یہاں موجود ہیں،مجھے بچپن سے جانتی ہیں،ان کے ہاتھوں میں بڑی ہوئی ہوں اور ان کے ساتھ کام بھی کرچکی ہوں،میں نے کبھی پہل نہیں کی اور ہاں اگر کوئی مجھے چھیڑے گا تو میرا بھی حق ہے کہ میں بولوں،خوشبو نے کہا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات چھوٹے اور بے بنیاد ہیں،ایف آئی آر درج کرائی ہیں،کارروائی کا مطالبہ کرتی ہوں۔
پریس کانفرنس میں سینئر فلم ڈائریکٹر الطاف حسین،حسن عسکری ، مسعود بٹ،دردانہ رحمنٰ،جرار رضوی،ڈاکٹر اجمل ملک، سید محمد یوسف،شہزاد معراج گجر ایڈووکیٹ،عاصم سہیل ایڈووکیٹ،شہباز چوہدری ایڈووکیٹ، حیدر گجر اور عباس حیدر بھی موجود تھے۔
ان شخصیات کا کہنا تھا کہ خوشبو کا ماضی اور حال ہمارے سامنے ہے ،خوشبو ایک منجھی ہوئی اداکارہ ہے ۔شوبز میں اپنی محنت سے آج اس مقام تک پہنچی ہے،ہمارا بھی حکومت سے یہی پرزور مطالبہ ہے کہ جو بھی کسی کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگاتا ہے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور اس عمل کو اتنا سخت بنا دیا جائے تاکہ معاشرے سے یہ چیز ختم ہوجائے۔
ان کا مطالبہ تھا کہ سوشل میڈیا پر آئے دن تھیٹروں کے حوالے سے ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں جس میں چند غیر معروف ڈانسر پرفارمنس کے نام پر گند کر رہی ہیں، جس کو اللہ عزت دے اس کی عزت کرنی چاہیے،حسد سے کچھ نہیں ہوتا،کام سے اپنا نام بنائیں۔ مجرا اور بے ہنگم ڈانس کے دوران ان پر تماشبین نوٹ نچھاور کرتے ہیں،متعلقہ حکام ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائیں۔
آج کی پریس کانفرنس کا واحد مقصد یہی ہے کہ معاشرے سے سوشل میڈیا کے بدمست ہاتھی کو کنٹرول کیا جائے یہ حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے،اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہمارا معاشرہ تباہ ہوجائے گا۔
شہباز چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم نے ایف آئی آر درج کرائی ادارے میرٹ پر تحقیقات کریں گے،ہمیں اداروں پر یقین ہے۔
خوشبو نے مزید کہا کہ نام نہاد ڈانسرز میرے بارے میں جھوٹ بول رہی ہیں،سوشل میڈیا پر مجھے گالیاں نکالیں گئیں۔ جس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے مجھے اپنی عدلیہ پر اعتماد ہے۔نشتر ٹاؤن تھانہ میں میرے بارے میں جھوٹی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے، تھیٹر کے کرتا دھرتاؤں نے میری شنوائی نہیں کی ،میرا ساتھ نہیں دیاؤ،سائبر کرائم میں رپورٹ درج کرائی ہے،اندھا دھند فائرنگ کا جھوٹا مقدمہ درج ہوا ہے،فیلڈ میں جو ہیں وہ میرا مقابلہ کریں،حسد کی انتہا ہوچکی ہے،میں کسی کا نام نہیں لے رہی۔
سوشل میڈیا پر کرادر کشی اور دھمکیاں دی گئی ہیں ان کی ایف آئی اے درج کرائی گئی ہیں،فیم لینے کے لئے مجھ پر الزام لگایا جارہا ہے۔وزیر اعظم ،نگراں وزیر اعلی پنجاب ،سی سی پی او لاہور سمیت اعلی حکام سے اپیل ہے کہ مجھے انصاف دیا جائے،میری ایف آئی آر درج کی جائے۔