تحریک آزادی کشمیر کے عظیم شہداء اورکشمیریوں کی قربانیوں پر انہیں سلام  کرتا ہوں: وزیراعظم آزاد کشمیر

Aug 05, 2024 | 00:06:AM
تحریک آزادی کشمیر کے عظیم شہداء اورکشمیریوں کی قربانیوں پر انہیں سلام  کرتا ہوں: وزیراعظم آزاد کشمیر
کیپشن: وزیراعظم آزادکشمیر یوم استحصال کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کا کہنا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے عظیم شہداء اورکشمیریوں کی قربانیوں  پر انہیں سلام  کرتا ہوں، وہ دن دور نہیں جب لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے کشمیری الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے  پاکستان کی تکمیل کریں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے ’یوم استحصال کشمیر‘ پرخصوصی پیغام جاری کر دیا، انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 5 اگست 2019  کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، ہندوستانی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 اور 35Aکو منسوخ کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی، مودی حکومت نے انتہا پسند ہندوؤں اور سابق فوجیوں کو ڈومیسائل جاری کر کے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بسانے کا سلسلہ شروع کیا ہے، 05اگست 2019 کے اقدام کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ ایک بڑے  انسانی بحران اور المیے میں تبدیل ہو چکا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں  عبادات پر پابندیاں اور شہری آزادیاں سلب ہیں، کشمیریوں پر ظلم و ستم گزشتہ ایک صدی سے جاری ہے لیکن ان کے پائیہ استقلال میں کبھی لغزش نہیں آئی، 5 اگست 2019 کے بعد ہندوستانی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر  میں ظلم کا ایک نیا دور شروع کیا گیا، انسانی تاریخ کے بدترین مظالم سہنے کے بعد کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں، 5 اگست 2019 اور اس کے بعد کے یکطرفہ ہندوستانی اقدامات کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔

چوہدری انوارالحق کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی غیرمتزلزل کمٹمنٹ پر پاکستانی عوام اور حکومت  پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، دفاع وطن کیلئے قربانیوں کی بے مثال تاریخ رقم کرنے پر افواج پاکستان کو بھی  سلام پیش کرتا ہوں، افواج پاکستان کشمیریوں کی عزتوں اور عصمتوں کی محافظ ہے، لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے کشمیری اسے اپنی محافظ فوج سمجھتے ہیں، ہندوستان کی قاتل افواج کشمیریوں کے لیے نفرت کی علامت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوم شہدائے پولیس پر پاک فوج کا خصوصی بیان جاری

وزیراعظم آزادکشمیر نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کرے،  تحریک آزادی کشمیر کے عظیم شہداء  اورکشمیریوں کی قربانیوں  پر انہیں سلام  کرتا ہوں، وہ دن دور نہیں جب لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے کشمیری الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے  پاکستان کی تکمیل کریں گے۔

.................