بھارت کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے،صدر مملکت کا یوم استحصال کشمیر پر پیغام

Aug 05, 2024 | 00:17:AM
بھارت کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے،صدر مملکت کا یوم استحصال کشمیر پر پیغام
کیپشن: صدر آصف زرداری، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی جانب سے اپنے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں،بین الاقوامی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔

صدر مملکت آصف زرداری نے مزید کہناتھا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضہ مستحکم کرنے کی مہم کو پانچ سال ہو رہے ہیں،بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کمزور کرنے کیلئے آج سے 5 سال قبل متعدد یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات اٹھائے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے اور سیاسی منظر نامے کو بدلنے کیلئے 5 اگست سے ایک مسلسل مہم کا آغاز کر چکا ہے،5 اگست اور اسکے بعد کے تمام اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

صدر مملکت کاکہناتھا کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں کی مسلسل موجودگی کے باعث  مقبوضہ جموں و کشمیر  دنیا کے سب سے زیادہ عسکریت زدہ علاقوں میں سے ایک ہے، جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی بڑے پیمانے پر دستاویز  کاری اور عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے۔

صدر آصف علی زرداری کاکہناتھا کہ کشمیری صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے ساتھ ناروا سلوک اختلافی آوازوں کو خاموش کرانے کیلئے بھارت کے کسی بھی حد تک جانے کی آمادگی کو ظاہر کرتا ہے، بھارت 5 اگست سے  لیکر اب تک کے اقدامات سے بین الاقوامی قانون، کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مکمل بے توقیری کرتا آ رہا ہے، بھارت کی داخلی قانون سازی اور عدالتی فیصلے کشمیر ی عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے۔ان کاکہناتھا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی جانب سے اپنے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں،بین الاقوامی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے، پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حق ِخودارادیت کے حصول کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔