( اویس کیانی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سےوزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی اور انوارالحق کا یوم استحصال کشمیر پر کشمیر ی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیا،دونوں رہنماؤں نے بھارت کے 5اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی،وزیرداخلہ محسن نقوی نے آزاد کشمیر میں امن عامہ کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہنا تھا کہ آزاد کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،5 سالوں میں کئی ہزار بے گناہ کشمیری شہید ہوچکے ہیں، جن میں بچے، بوڑھے اور خواتین شامل ہیں،آج پوری قوم پرعزم انداز میں یوم استحصال کشمیر منا رہی ہے،جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام جموں و کشمیر کے تنازع کے حل سے جڑا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو دنیا کے سامنے ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا،مقبوضہ کشمیر میں عالمی تنظیموں سمیت بین الاقوامی میڈیا کا بھی داخلہ ممنوع کردیا گیاہے،وقت آ چکا ہے کہ بین الاقومی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہونے والی ناانصافیوں اور مظالم کا تدارک کریں۔
محسن نقوی نےآزاد کشمیر میں امن عامہ کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، وزیرداخلہ نے مزید کہنا کہ آزاد کشمیر میں امن وامان کے قیام کے لئے پہلے بھی بھرپور معاونت کی ، آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے،آزاد کشمیر کی سکیورٹی سے متعلق ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیرنے قیام امن کیلئے تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم استحصال کشمیرپر پیغام دیا کہ 5اگست مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، بھارت نے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کر کے کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کیا جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، 5اگست کو دنیا کے سامنے نا صرف ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا بلکہ کشمیریوں پر ختم نہ ہونے والے مظالم بھی سب کے سامنے واضح ہوئے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت نے کشمیریوں کا سپیشل اسٹیٹس چھین کر انسانیت کے خلاف جرم کیا اور کشمیری قوم کی شناخت ختم کرنے کی سازش کی، کشمیری نوجوانوں کو روزانہ جعلی مقابلوں اور نام نہاد سرچ آپریشنز میں ماورائے عدالت شہید کیا جا رہا ہے، کشمیری قیادت پابند سلاسل ہے۔مقبوضہ کشمیر دنیا کے سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکا ہے۔انشاء اللہ کشمیری بھائی اور بہنیں آزادی کی صبح ضرور دیکھیں گے، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ہر فورم پر ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی امداد جاری رکھیں گے۔