کشمیر کے بہادر لوگ کبھی بھی بھارتی قبضے کو تسلیم نہیں کرینگے، شیری رحمٰن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمٰن نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے بہادر لوگ کبھی بھی بھارتی قبضے کو تسلیم نہیں کریں گے۔
شیری رحمٰن نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 5 سال قبل مودی نے یکطرفہ طور پر بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کیا، بی جے پی سرکار کے اس اقدام کا مقصد جموں و کشمیر کی خود مختاری اور خصوصی حیثیت ختم کرنا تھا،اُنہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے 5 اگست 2019ء کو جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف سازش کی، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کی بھی خلاف ورزی کی۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے کہا کہ یہ یکطرفہ فیصلہ کشمیری عوام کی رضامندی کے بغیر کیا گیا، کشمیر کے غیور عوام نے کبھی بھی مودی حکومت کے فاشسٹ فیصلے کو قبول نہیں کیا،اُنہوں نے کہا کہ یہ جارحانہ عمل کشمیری عوام کی آواز دبانے اور اُنہیں حقوق سے محروم کرنے کیلئے کیا گیا، مودی حکومت نے اس اقدام کے ساتھ بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بھی کیں، بی جے پی حکومت کی یہ بربریت جمہوریت، انصاف اورانسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ کشمیر کے بہادر لوگ کبھی بھی بی جے پی کی جابرانہ حکومت کے آگے نہیں جھکے۔