سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز سوشل میڈیا صارفین پرسیخ پاکیوں ؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنانے پرسیخ پا ہوگئیں۔
شگفتہ اعجاز نے اپنے یوٹیوب چینل پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میری دبئی کی سیر پرسوشل میڈیا پر کچھ کمنٹس نے مجھے بہت تکلیف پہنچائی ہے، میرے اور میرے خاندان کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں بھی کی گئی ہیں۔
سینئر اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے شوہر پچھلے 5 سالوں سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور میں اپنے شوہر کی دیکھ بھال کر رہی ہوں، کیا آپ ان تمام سالوں میں میرے ساتھ تھے؟ ہم نے تمام تر ضروری علاج کروایا ہے اور آپ لوگوں نے میرے مشکل وقت کو نہیں دیکھا لیکن میرے دبئی جانے پر مجھے تنقید کا نشانہ ضرور بنایا ہے۔ میں دبئی اپنے بینک اکاؤنٹ کے مسائل کی وجہ سے آئی ہوں اور اس کے علاوہ مجھے اپنا ایک بیگ بھی بیچنا ہے کیونکہ مجھے پیسوں کی ضرورت ہے۔
اداکارہ شگفتہ اعجاز نے سوشل میڈیا صارفین پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی دونوں بیٹیوں کی تعلیم اور شوہر کے علاج کیلئے پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے لیکن مجھے آپ لوگوں کے رویوں سے دکھ ہوا، دوسروں کے بارے میں تنقید اور زہر اگلنے سے پہلے سوچیں،میں ایسے لوگوں کو کبھی معاف نہیں کروں گی۔