ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2024-25 میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کا اعلان

Aug 05, 2024 | 14:06:PM
ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2024-25 میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن  2024-25 میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس منعقد کرنے کا اعلان اور150  ڈومیسٹک کرکٹرز کے معاوضوں میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

  پاکستان کرکٹ بورڈ نے  ڈومیسٹک سیزن2024-25  میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس شروع کرنے کا اعلان  کیا ہے۔ان ٹورنامنٹس کے انعقاد کا مقصد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان فرق کو کم کرنا، ایک سخت زیادہ مسابقتی اور ہائی پریشر کرکٹ کھیلنے کا ماحول فراہم کرنا اور اپنے مستقبل کے اسٹارز کے لیے بہتر آمدنی کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

مینز ڈومیسٹک کرکٹ سیزن  2024-25میں یہ تین نئے ٹورنامنٹس چیمپئنز ون ڈے کپ، چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ اور چیمپئنز فرسٹ کلاس کپ  پہلے سے موجود  ٹورنامنٹس کے ساتھ شامل ہونگے جن میں  قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ، قائداعظم ٹرافی (ریجنل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ)، پریذیڈنٹ ٹرافی (ڈپارٹمنٹل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ) ، پریذیڈنٹ کپ (  ڈیپارٹمنٹل 50 اوورز ایونٹ)، اور ایچ بی ایل  پاکستان سپر لیگ شامل ہیں۔  یہ سیزن یکم ستمبر 2024 سے 5 اگست 2025 تک جاری رہے گا۔

تین چیمپئنز ٹورنامنٹس کے اضافے کے بعد  پی سی بی اب مردوں کے آٹھ سینئر ٹورنامنٹس میں کل 261 میچز کا انعقاد کرے گا۔ ان  تین ایونٹس میں 131 فرسٹ کلاس میچز، دو ایونٹس میں 40   پچاس اوورز کے میچز اور تین ایونٹس میں 97 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔ 

2023-24سیزن میں، پی سی بی نے مردوں کے چھ سینئر ٹورنامنٹس میں 203 میچز کا انعقاد کیا تھا جس میں دو ٹورنامنٹس میں 51 فرسٹ کلاس میچز، دو ایونٹس میں 55  پچاس اوورز کے میچز اور 97 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل تھے۔
نئے متعارف کرائے گئے چیمپئنز ٹورنامنٹ کی نمایاں خصوصیات یہ ہیں

 چیمپئنز کپ کے ہر ایونٹ میں پانچ سائیڈز  مقابلہ کریں گی جن کے نام ڈولفنز، لائنز، پینتھر ،سٹالیئنز اور وولز ہیں۔

 چیمپئنز کپ کا ہر ایونٹ ڈبل لیگ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔

گزشتہ تین برسوں سے سب سے بہترین کارکردگی دکھانے والے تقریباً 150  ڈومیسٹک کھلاڑی اور موجودہ  سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی سلیکشن  کے لیے دستیاب ہوں گے ( مزید تفصیلات وقت پر شیئر کی جائیں گی)

 ہر ٹیم میں ایک سابق پاکستانی سپر سٹار بطور مینٹور اور ممکنہ طور پر ایک مالک کے طور پر ہوگا (مینٹور اور مالک کے نام کی تفصیلات کا  اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا)

 ہر ٹیم کے پلیئر سپورٹ سٹاف  میں  ہیڈ کوچ (کم از کم لیول 3 اور فرسٹ کلاس سائیڈ کے ساتھ کم از کم پانچ سال) بیٹنگ/بولنگ/فیلڈنگ کوچز (کم از کم لیول 3، تین سالہ تجربہ)، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، فزیو تھراپسٹ، انالسٹ، آپریشنز مینیجر، اور میڈیا/ڈیجیٹل میڈیا منیجر شامل ہونگے۔

ہر ٹیم کے لیے فیصل آباد ( ہائی پرفارمنس سینٹر فیصل آباد) کراچی (حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر) لاہور (نیشنل کرکٹ اکیڈمی) ملتان (انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر) اور سیالکوٹ (ہائی پرفارمنس سنٹر، سیالکوٹ)  ٹریننگ اور پریکٹس کے لیے مختص ہو گی۔

 ڈومیسٹک کنٹریکٹ 150 کرکٹرز کو اس طرح پیش کیے جائیں گے۔ کیٹگری 1 میں  40  کھلاڑی 550,000 روپے ماہانہ؛ کیٹگری 2 - 50 کھلاڑی 400000 روپے  ماہانہ   کیٹگری 3 - 60 کھلاڑی 250,000 ماہانہ معاوضہ  ہو گا۔

پچھلے  سیزن میں ڈومیسٹک کنٹریکٹس میں اے پلس کیٹیگری کے لیےتین لاکھ  اے کیٹیگری کے لیے دو لاکھ روپے، بی کیٹگری کے لیے ایک لاکھ پچاسی ہزار، سی کیٹگری کے لیے ایک لاکھ ستر ہزار ،ڈی کیٹگری کے لیے ڈیڑھ لاکھ ای کیٹگری کے لیے ایک لاکھ اور ایف کیٹگری کے لیے پچاس ہزار روپے رکھے گئے تھے۔ 

 ماہانہ ریٹینرز کے علاوہ  کھلاڑیوں کو درج ذیل  میچ فیس ملے گی

ریڈ بال کرکٹ کے لیے دو لاکھ روپے۔ پچاس اوورز میں ایک لاکھ پچیس ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ایک لاکھ روپے  میچ فیس شامل ہے 
 24-2023 کے سیزن میں ریڈ اور وائٹ بال کرکٹ کے لیے بالترتیب 80,000 اور 40000 میچ فیس تھی۔

 ہر ٹیم کا ایک کارپوریٹ سپانسر ہوگا۔ آمدنی کے دیگر سلسلے میں براڈکاسٹ اور لائیو اسٹریمنگ کے حقوق، ایونٹ ٹائٹل اسپانسرشپ، گراؤنڈ  برانڈنگ کے حقوق، اور ٹکٹوں کی فروخت اور مرچنڈائز شامل ہوں گے۔

چیمپئنز ون ڈے کپ سے  پی سی بی مینز ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2024-25کے سیزن کا آغاز ہوگا جو یکم سے 29 ستمبر تک 21 میچوں کا ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا۔

پی سی بی مینز ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آخری ٹورنامنٹ چیمپئنز فرسٹ کلاس کپ ہوگا جو 28 مئی سے 5 اگست 2025  تک منعقد ہوگا۔

اگست 2024 سے ستمبر 2025 کے عرصے میں مردوں کے آٹھ سینئر ٹورنامنٹس کے علاوہ  پی سی بی 11 ڈولپمنٹ/ پاتھ وے ٹورنامنٹس بھی منعقد کرے گا جو تین پاکستان شاہینز اور ایک پاکستان انڈر 19 سیریز سے الگ ہوں گے۔ اس کا ممکنہ طور پر مطلب یہ ہے کہ ابھرتے ہوئے اور آنے والے نوجوانوں سے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، کلبوں، U15، U17، U19، علاقائی انٹر ڈسٹرکٹ سینئر اور چیلنج لیگ سینئر کی سطح پر تمام فارمیٹس میں تقریباً 13,000 میچز متوقع ہیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ  ہماری موجودہ سٹینڈنگز  ٹیسٹ میں چھٹے، ون ڈے میں چوتھے اور ٹی ٹوئنٹی میں ساتویں نمبر پر  پاکستان کرکٹ کی حقیقی صلاحیت اور میراث کی عکاسی نہیں کرتی۔ عالمی کرکٹ میں اپنا صحیح مقام بحال کرنے کے لیے ہمیں اپنے ڈومیسٹک ڈھانچے میں جدت اور حکمت عملی سے اضافہ، وسعت اور مضبوطی لانی ہوگی۔ تین چیمپئنز ٹورنامنٹس کا تعارف اس سمت میں ایک جرات مندانہ قدم ہے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹورنامنٹس ڈومیسٹک کرکٹ سے ہمارے سب سے زیادہ باصلاحیت اور مستقل پرفارمرز کو ہمارے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ اکٹھا کریں گےاور ایسا ماحول بنائیں گے جو بین الاقوامی کرکٹ  کا آئینہ دار ہو۔ براڈکاسٹ میچز، لیجنڈری مینٹورز، ایلٹ کوچنگ اسٹاف اور وسیع میڈیا کوریج کے ساتھ، یہ ٹورنامنٹ ہمارے کھلاڑیوں کو وہ ایکسپوژر اور تجربہ فراہم کریں گے جس کی انہیں ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹس صرف ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے بارے میں نہیں ہیں بلکہ یہ ہمارے پورے کرکٹ کے ماحولیاتی نظام میں انقلاب برپا کرنے اور پھر سے جوان کرنے کے بارے میں ہیں۔ ہم اسکولز کالجز اور یونیورسٹیز سے انٹرڈسٹرکٹس اور پھر ریجنل اور ڈپارٹمنٹل مقابلوں تک کے پاتھ وے کے ذریعے آنے والی کرکٹ اسٹارز کی نسل کی پرورش کررہے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے بارے میں ُپر ُامید ہوں  ہم بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے  بہترین ٹیلنٹ تلاش کرکے انہیں تیار کرنے کے لیے وقف ہیں ۔چیمپئنز ٹورنامنٹس ہمارے کھلاڑیوں کو یہیں پر بین الاقوامی کرکٹ کی سختیوں اور دباؤ کا تجربہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ یہ ایک مضبوط اور انتہائی مسابقتی  ڈھانچہ کی تعمیر کے لیے اہم ہے۔