(ویب ڈیسک)سینئر اداکار راشد محمودنے کہاہے کہ اگر دوسری زندگی مل جائے تو پاکستان کے بجائے کسی اور ملک میں پیدا ہونا چاہوں گا۔
پاکستان کی شوبزانڈسٹری کوکئی دہائیاں دینے والے صدارتی ایوارڈیافتہ اداکاراورصداکار نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطورمہمان شرکت کی جس میں انہوں نے مختلف امور پرگفتگوکی ۔
پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں راشدمحمودنے کہا کہ اس ملک میں پیدا ہونے کے بعد جو میں اب تک برداشت کر چکا ہوں، لگتا ہے اب اگلے جنم میں مزید عذاب سے بچ جاؤں گا، اگر مجھے ایک اور زندگی مل گئی تو لگتا ہے کہ مجھے کسی اور ملک میں پیدا ہونا چاہیے اور میں یہ باتیں صرف انفرادی حیثیت سے نہیں بلکہ قومی جذبے سے اور پوری قوم کی جانب سے کر رہا ہوں۔
راشد محمود کے اس انٹرویو کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس پر صارفین کی جانب سے تنقیدبھی کی جارہی ہے۔صارفین ان کے بیان کومتنازع قرار دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ اسلام میں دوسرے جنم کا کوئی تصور نہیں ہے۔
راشد محمود کی کچھ عرصہ قبل بھی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں 45 ہزار روپے بجلی کابل آنے پرانہوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے ارباب اختیار کو کھری کھری سنائی تھیں۔