بلین ٹری منصوبہ، سپریم کورٹ کو ڈرون فو ٹیجز دینےکا فیصلہ

Dec 05, 2020 | 13:18:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سپریم کورٹ کے بلین ٹری سونامی منصوبے پر سخت ریمارکس کے بعد  وزیراعظم عمران خان متحرک ہوگئے ہیں،انہوں نے مشاورت کے بعد اعلیٰ عدلیہ کو میگا منصوبے کی ڈرون فوٹیجز اور مستند تصاویر کا  تمام ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان  اور معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم  کے درمیان بلین ٹری سونامی منصوبے پر مشاورت ہوئی،جس کے بعد عمران خان نے ہدایت دی کہ سپریم کورٹ کو منصوبے کی تمام تفصیلات فراہم کی جائیں۔ عدالتی احکامات کی روشنی میں تمام صوبوں سے ڈیٹا  بھی حاصل کیا جائے۔وزیراعظم کی ہدایت پر  وفاقی حکومت نے   بلین ٹری منصوبے کی ڈرون ویڈیو اور مستند تصاویر کا ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے  سپارکو سے سیٹلائٹ امیجز فراہم کرنے کی در خواست بھی کی گئی ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو بلین ٹری منصوبے کی مکمل تفصیلات اور شفافیت سے آگاہ کیا جائے، اعلیٰ عدالت  کو نئی نسل کی فکر ہے جوکہ  انتہائی خوش آئند ہے۔عدالتِ عظمٰی کی ہدایات کی روشنی میں بلین ٹری منصوبہ زیادہ بہتر ہوگا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بلین ٹرمی سونامی منصوبے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلات طلب کی تھیں۔چیف جسٹس  گلزار احمدنے ریمارکس دئیے تھے کہ معذرت کے ساتھ کے پی کے محکمہ جنگلات کا سارا عملہ چور ہے۔ نتھیا گلی، مالم جبہ اور مری سمیت کہیں درخت نہیں لگے۔کے پی کا بلین ٹری سونامی کہاں ہے؟ چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد انتظامیہ بڑی مغرورہے، اسلام آباد میں 5 لاکھ درخت کہاں لگائے ہیں؟پنجاب،سندھ اور دوسرے صوبوں میں سانس لینا مشکل ہوگیا ہے، بلین ٹری منصوبے کی تحقیقات کرائیں گے، کیا سارے درخت بنی گالہ میں لگادیئے؟