(24 نیوز)امریکہ کرونا وائرس کے ہائی لیول ٹرانسمیشن کے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ ایک دن میں2500 اموات اور سوا 2 لاکھ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔شہریوں کو گھروں کے اندر بھی ماسک پہننے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے پہلی مرتبہ ماسک کو انتہائی لازمی قرار دیتے ہوئے گھروں کے اندر بھی شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کی ہے۔سی ڈی سی کاکہنا ہےکہ امریکا وائرس کے ہائی لیول ٹرانسمیشن کے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز امریکہ میں کورونا سے 2500 اموات ہوئیں اور 2 لاکھ 25 ہزار نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد امریکہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار ہوگئی ہے جبکہ کل مریض 14.3 ملین تک جا پہنچے ہیں۔امریکہ میں کورونا سے ہسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے بھی تجاوز کرگئی ہے ماہرین صحت نے خبردار کیا ہےکہ جنوری وائرس کے حوالے سے انتہائی خطرناک ہوگا۔
امریکی سی ڈی سی نے نئی پبلک ہیلتھ گائیڈلائنز بھی جاری کردی ہیں جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ ریاستیں اور مقامی حکام ہر جگہ ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور اس حوالے سے ماسک کو لازمی قرار دینے کی پالیسی جاری کریں۔سی ڈی سی نے سفارش کی ہےکہ گھروں میں بھی سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں۔