کویت امریکی ثالثی:قطر اور سعودی عرب میں فاصلے سمٹنے لگے  

Dec 05, 2020 | 15:08:PM

(24نیوز)کویت اور امریکی ثالثی کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے،سعودی عرب اور قطر  نے 3 سال سے جاری تنازع کے جلد خاتمے پر رضامندی ظاہرکردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حال ہی میں سعودی عرب اور قطر میں اعلیٰ سطحیٰ مذاکرات ہوئے جن میں عمان اور کویت سمیت دیگر فریقین بھی شامل تھے۔ امریکا اور کویت کی جانب سے سہولت کاری کے بعد اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔تمام  فریقین 3 سال سے جاری تنازع کو جلد  ختم کرنے پر راضی ہوگئے ہیں۔کویت اور قطر  کے اعلیٰ حکام نے بھی اس خبر کی تصدیق  کی ہے۔

کویتی وزیر خارجہ احمد ناصر الصباح  کا معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ خلیجی بحران کے حل کیلئے  جاری بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے اور تمام فریقین نے حتمی معاہدے تک پہنچنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

 قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ  معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں  تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ سارے مسائل ایک ہی دن میں حل ہو جائیں ۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے بھی امید ظاہر کی ہے  کہ تنازع کے حل کی کوششیں جلد کامیاب ہوں گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے  قطر پر دہشت گردی کی حمایت کرنے  کا الزام لگاکر سفارتی تعلقات ختم کردئیے تھے۔ بائیکاٹ کرنے والے خلیجی ممالک نےقطر سے   اپنی زمین ترکی کو نہ دینے، الجزیرہ چینل کو بند کرنےسمیت متعدد مطالبات  کئے تھے۔

مزیدخبریں