(24نیوز)سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نےتمام قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب ایک خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہونے سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال نہیں کرے گا۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اٹلی کے کیپیٹل روم میں منعقد کئے گئے انٹرنیشنل فورم ’’میڈ2020‘‘ سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات کی بحالی ایک ایسی خود مختار ریاست سے مشروط ہے جو فلسطینی عوام کے لیے بھی قابل قبول ہو۔فلسطین کی 1967 والی حیثیت سے کم پر کسی صورت نہیں مانیں گے۔
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تعلقات کی بحالی کے لیے یہ شرط سعودی عرب کے فلسطین سے متعلق وژن کی عکاس ہے جس کے تحت 1982 میں بھی اُس وقت کے ولی عہد فہد بن عبدالعزیز نے فاس میں مذاکرات کئے تھے۔
واضح رہے کہ عالمی میڈیا میں یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ سعودی عرب بھی متحدہ عرب امارات کی طرح اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے جا رہا ہے۔