کورونا فری ملک میں کھلاڑیوں کا ٹیسٹ مثبت آنا باعث شرمندگی ہے

Dec 05, 2020 | 16:18:PM

 (24نیوز)وسیم اکرم نےمیڈیا سے بات کرتے ہوئے  کہا کہ نیوزی لینڈ میں کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا شرمندگی کا باعث ہے، ٹیم کو روانہ کرنے سے پہلے  حفاظتی اقدامات کرنے چاہیے تھے۔


تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا شرمندگی کا باعث بنا ہے، نیوزی لینڈ کورونا فری ملک ہے، پی سی بی کو نیوزی لینڈ روانگی سے پہلے تمام حفاظتی اقدامات کرنے چاہیے تھے، انہیں چاہیے تھا کہ کرکٹرز کو زیادہ وقت کے لیے پاکستان میں آئسولیشن میں رکھتے۔وسیم اکرم نے مزید کہا کہ پاکستانی کرکٹرز نیوزی لینڈ میں تنہائی کا شکار اور اذیت میں مبتلا ہیں، کھلاڑیوں کی ہمت ہے کہ وہ ڈھائی ہفتے سے ایک کمرے میں قید ہونے کی  وجہ سے  ذہنی دباؤ کا شکار ہیں جس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے۔

 وسیم اکرم نےمزید کہا کہ کراچی کی سمندری آلودگی کو اجاگر کرنا میرا ذاتی ایجنڈا نہیں، ساحل اور شہر کو گندگی سے پاک کرنا سیاستدانوں کی ذمہ داری ہے، شہر قائد کا رہائشی ہونے کے ناطے اس کے مسائل سامنے لانا میری ذمہ داری ہے۔لاہور میں خاتون کی جانب سے بابر اعظم پر لگائے گئے الزام پر وسیم اکرم نے کہا کہ بابراعظم قومی کپتان اور بہترین بیٹسمین ہے، بابر اعظم پر لگائے جانے والے الزامات سے متعلق حقائق سامنے آئے تو اظہار کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں