اینٹی کرپشن کے اختیارات کم کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

Dec 05, 2023 | 18:04:PM

(ملک اشرف) اینٹی کرپشن کے اختیارات کم کرنے کے اقدام کو شہری سردار شمیم گل کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے جس کی سماعت ہائیکورٹ کا سنگل بنچ کل کرے گا۔

درخواست میں شہری کی جانب سے گورنر پنجاب کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری، چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون اور ڈی جی انٹی کرپشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یکم دسمبر 2023ء کو ایک آرڈینس کے ذریعے انٹی کرپشن کے اختیارات کم کیے گئے، حکومت پنجاب کی سفارش پر گورنر پنجاب نے یکم دسمبر کو آرڈینس کا اجراء کیا جس میں کہا گیا کہ گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کیخلاف کارروائی اس کی تعیناتی  والی اتھارٹی کرسکے گی جبکہ گریڈ 18 سے 19 افسران کیخلاف کارروائی کا اختیار ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کو دے دیا گیا اور گریڈ 20  کے افسران کیخلاف کارروائی کا اختیار چیف سیکرٹری کو دے دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: افغان شہریوں کی بے دخلی کیخلاف کیس کی سماعت،عدالت کا تحریری حکمنامہ جاری

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انٹی کرپشن حکام کے اختیارات بیوروکریسی کو منتقل کردیے گئے، انٹی کرپشن حکام کے اختیارات میں کمی آئین کے آرٹیکل 8، 9، 10 اور 25 کی خلاف ورزی ہے، عدالت انٹی کرپشن حکام کے اختیارات میں کمی کا اقدام کالعدم قرار دے اور کیس کے حتمی فیصلے تک  انٹی کرپشن کے اختیارات بارے ترمیمی آرڈیننس پر عمل درآمد روکا جائے۔

مزیدخبریں