بارش اور برفباری ،سرد ہواؤں کاراج، موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی

Dec 05, 2024 | 10:09:AM
بارش اور برفباری ،سرد ہواؤں کاراج، موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)ملک بھر میں دسمبر کے مہینے میں بارشیں ہونے کی  پیشگوئی کر دی گئی ہے، رواں ماہ میں بارشوں کے تین اسپیل ہوں گے۔

نجی ٹی وی بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک کا کہنا تھا کہ ملک میں دسمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کے تین اسپیل ہونے کی توقع ہے۔

پاکستان میں اگلے تین سے چار روز میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا، ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں میں بارش ہو گی۔

اس وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک سردی کا راج ہے،بارشیں نہ ہونے کی وجہ سموگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، دسمبر میں اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد ونواح میں بھی بارشوں کی نوید سنائی گئی ہے، ان بارشوں سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

شمالی علاقوں کے بیشتر اضلاع برفباری کے باعث شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، بلوچستان میں بارش اور برفباری نے ٹھنڈ بڑھا دی، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 5 تک پہنچ گیا جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ رات کے اوقات میں لاہور، شیخوپورہ، قصور، حافظ آباد، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، اوکاڑہ، جھنگ، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بڑی سیاسی شخصیت عہدے سے فارغ

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے, سکھر، کشمور، جیکب آباد اور گرد و نواح میں بعض مقامات پر صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ رات کے اوقات میں شدید ٹھنڈ رہنے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب میں سموگ اور دھند میں کمی کے باعث آلودہ شہروں میں ملتان کا آج پہلا نمبر ہے، جہاں صبح سویرے ائیرکوالٹی انڈیکس 212 تک پہنچ گیا جبکہ اس حوالے سے لاہور کا دوسرا نمبر ہے جہاں اے کیو آئی 207 ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور میں موسم سرد ، فضا میں خنکی برقرار ہے، موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ، زیادہ سے زہادہ 23 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق  لاہور کے علاقے امریکی قونصلیٹ میں آلودگی کی شرح  292،ویلنشیا ٹاؤن میں 252ریکارڈ جبکہ غازی روڈ انٹرچینج پر فضائی آلودگی کی شرح 250ریکارڈ کیا گیا۔