محکمہ تعلیمات سندھ نے سلیبس میں 25 فیصد کمی کر دی

Dec 05, 2024 | 14:28:PM
محکمہ تعلیمات سندھ نے سلیبس میں 25 فیصد کمی کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)محکمہ تعلیم سندھ نے آئندہ تعلیمی سیشن 2025 یکم اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ سیشن کا سلیبس 25 فیصد کم کر دیا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ نے رواں سیشن 2024 کے پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کے علاوہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات بھی صرف 75 فیصد سلیبس سے لینے کا فیصلہ کیا ہے،یہ فیصلہ سندھ میں تعلیمی سیشن یکم اگست سے یکم اپریل کیے جانے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی ضمنی کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا ہے جس کے باقاعدہ منٹس (روداد) بھی 5 دسمبر کو نوٹیفائی کر دی گئی ہے۔

اس سلسلے میں اجلاس نومبر کے آخری ہفتے میں منعقد ہوا تھا جس میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، ڈائریکٹر جنرل انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز، چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی، چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی، چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ میرپورخاص، ڈائریکٹر ڈی سی اے آر جامشورو، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن پرائمری کراچی، صدر زندگی ٹرسٹ شہزاد رائے، طارق شاہ چیئرمین پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن، ڈاکٹر نجیب میمن سکول ایسوسی ایشن حیدرآباد و دیگر بھی شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت کا پرفارمنس آڈٹ ہونا چاہیے، گورنرفیصل کریم کنڈی

جاری کیے گئے منٹس میں کہا گیا ہے کہ اکیڈمک سیشن کے آغاز میں تبدیلی کے سبب تمام کلاسز کے سلیبس 75 فیصد تک کم کیے جا رہے ہیں اور ڈی سی اے آر کو یہ ذمے داری دی گئی ہے کہ وہ متعین حد تک کم کیے گئے سلیبس کو سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو 15 دسمبر بھیج دے گا اور طلبہ، بورڈ اور دیگر متعلقین کو اس سلسلے میں بروقت معلومات فراہم کر دی جائے گی۔

میٹنگ منٹس کے مطابق کالجوں میں تعلیمی سال یکم اگست 2025 سے شروع ہوگا، منٹس میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر جامعات میں اسکالر شپس پروگرام کا اگست میں اعلان ہوتا ہے لہٰذا طلبہ کے داخلوں اور قیمتی سال کو بچانے کے لیے اقدام کیا جا رہا ہے۔ سال 2025 میں کلاس نہم کے داخلے یکم مارچ سے 31 مارچ تک ہوں گے اور کلاسز یکم اپریل سے ہوں گی جبکہ انٹر سال اول کے داخلے مرکزی داخلہ کمیٹی کے تحت یکم جون سے ہوں گے۔

منٹس کے مطابق جماعت چہارم سے آٹھویں جماعت کے امتحانات یکم سے 15 مارچ تک ہوں گے، میٹرک کے امتحانات 15 مارچ سے جبکہ انٹر کے 15 اپریل سے شروع ہوں گے۔

مرکزی جانچ یا سینٹرلایز اسسمنٹ کے تحت میٹرک کے نتائج 15 جولائی جبکہ انٹر کے 15 اگست تک جاری ہوں گے, نویں اور گیارہویں کے نتائج دسویں اور بارہویں کے نتائج کے اجراء کے 60 روز میں جاری ہوں گے، صوبے میں گرمی کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی جبکہ سردی کی تعطیلات 22 سے 31 دسمبر تک ہوں گی۔