(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ رمشا خان اورخوشحال خان نے شوبزانڈسٹری میں وقت پر معاوضہ نہ ملنے کے معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت ادائیگیاں نہ کرنے جیسا سنگین مسئلہ انڈسٹری میں عام ہوچکا ہے۔
رمشاخان اور خوشحال خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں جہاں اپنے ڈرامے "دنیا پور" کے حوالے سے خیالات کااظہارکیاتو وہیں اداکاروں کو بروقت معاوضہ نہ دیئے جانے پربھی گفتگوکی۔
دونوں اداکاروں نے کسی کا نام لیے بغیر انڈسٹری والوں سے اپیل کی کہ اداکاروں کو معاوضے کی فراہمی کو بروقت یقینی بنایا جائے تاکہ بہتر تخلیقی کام ہو سکے۔
خوشحال خان کا کہنا تھا کہ اداکار کو بروقت معاوضہ ادا نہ کرنا ایک طرح سے اداکار کی بے عزتی کرنا ہے، اس لیے معاوضے کی فوری ادائیگی ہونی چاہیے۔
رمشا خان اور خوشحال خان کا کہنا تھا کہ بروقت ادائیگیاں نہ کرنا انڈسٹری میں اس قدر عام ہوچکا ہے کہ اداکاروں کو اپنی عزت نفس مجروح ہونے کا احساس ہونے لگا ہے اور انہوں نے مختلف مالی مسائل پر سمجھوتے کرنا شروع کردیئے ہیں۔
خوشحال خان کے مطابق جب اداکار اپنا 110 فیصد دیتے ہیں توادائیگیاں بھی فوری کی جانی چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں:علی ظفر نے"طیفا اِن ٹربل" کا سیکوئل بنانے کا عندیہ دے دیا
رمشا خان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ادائیگیوں کا بروقت نہ ملنا صرف پیسے کا نہیں بلکہ اپنی بقا کا بھی مسئلہ ہے کیونکہ انہیں اپنے اخراجات چلانے ہوتے ہیں،انہیں بلز کی ادائیگی سمیت دیگر اہم کام کرنے ہوتے ہیں،میں تاخیر سے ادائیگی سے بچنے کے لیے کچھ وقت بعد پیسے نہ ملنے پر شوٹنگ سیٹ پر ہی جانے سے انکار کردیتی ہوں اور پروڈیوسرز کو بول دیتی ہیں کہ پہلے معاوضہ دیا جائے،انڈسٹری میں تاخیر سے ادائیگیوں کے مسئلے پر فنکاروں میں اتحاد کا بھی فقدان ہے،امید ہے کہ بروقت ادائیگیاں نہ کیے جانے کے معاملے پر انڈسٹری میں جلد اتفاق ہوجائے گا کیونکہ وہ بہت سارے ایسے افراد کو جانتی ہیں جو اس طرح کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے دوسرے لوگوں کو تلاش کر رہے ہیں۔
رمشا خان اور خوشحال خان نے کسی کا نام لیے بغیر پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کو مشورہ دیا کہ وہ مزید پیشہ ورانہ رویہ اختیار کریں اوربروقت معاوضہ ادا کرکے اچھے ماحول کو پروان چڑھائیں۔