(24 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مودی جب بھی آر ایس ایس کا ایجنڈا لیکرآیا اس نے اپنا نقصان کیا، ہم بھارت سے دوستی کرنا چاہ رہے تھے لیکن انڈیا نے ہمارا مذاق اڑایا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کوٹلی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساراپاکستان کشمیر ی عوام کے ساتھ کھڑاہے۔ مسلم دنیا بھی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ وہ لوگ جو مسلمان نہیں وہ بھی کشمیر کے حق میں ہیں۔میں نے 3بار ٹرمپ سے مسئلہ کشمیرحل کرنے پر بات چیت کی۔ اقوام متحدہ نے کشمیر کیلئے وعدہ پورا نہیں کیا، پوری خلوص کے ساتھ کشمیر ی عوام اپنے مستقبل کے فیصلے کرے۔ مسئلہ کشمیرحل ہونے تک کشمیر کی آواز بنتا رہوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہماراپلوامہ سے کوئی تعلق نہیں۔ مودی نے الیکشن جیتنے کیلئے یہ کھیل کھیلا، ہم دوستی کرنا چارہے تھے انڈیانے ہمارامذاق اڑایا، جب بھی آر ایس ایس کا ایجنڈالیکر آیا اس نے اپنا نقصان کیا۔ اس وقت بھارت میں صورتحال خراب ہے۔ بھارت میں اقلیتیں تنگ ہیں۔ بھارت میں کسانوں کے ساتھ ظلم ہورہاہے۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سات دہائیوں سےزائد عرصے پر محیط بھارتی جبر و تسلط حقِ خودارادیت کے حصول کیلئے برسرِ پیکار کشمیریوں کے پائے استقامت میں لغزش پیدا کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اہلِ کشمیر کی نوجوان نسل اپنی اس جدوجہد کو اب پہلے سے بھی زیادہ قوت سے آگے بڑھا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں پر بہیمانہ جبر بند کرے اور انسانی حقوق کے حوالہ سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے کے لئے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی غیر جانبدارانہ اور آزادانہ استصواب رائے کے انعقاد کا وعدہ پورا کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لئے جائز جدوجہد میں متحد اور متفق ہے، حق خود ارادیت کی عالمی برادری نے سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں توثیق کی، کشمیری عوام کی جائز امنگوں کو پورا کرنے والے منصفانہ امن کو یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات پر تیار ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اخلاص کا مظاہرہ کرے تو ہم دو قدم آگے بڑھنے کے لئے تیار ہیں، استحکام اور امن کی ہماری خواہش کو کمزوری کی علامت نہ سمجھا جائے، بھارت کا سات دہائیوں سے ناجائز قبضہ اور مظالم کشمیریوں کے آزادی کے عزم کو کمزور نہیں کر سکے۔