(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان آج کیا منہ لے کر کشمیر آ ئے ہو،کیا بتائو گے میں کشمیر کا سودا کرکے آیا ہوں، عمران خان کشمیریوں کی گوعمران گو کی آوازیں سن رہے ہو ناں؟
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب کشمیریوں کو چوٹ لگتی ہے تو زخمی ہمارے دل ہوتے ہیں۔ اپنے پیاروں کو اس طرح کھودینا کوئی معمولی بات نہیں۔ ایک دن کشمیریوں کے مطابق کشمیر آزاد ہوگا۔ پوری قوم مسئلہ کشمیر پر ایک ہے۔ سیاسی اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن کشمیر کے حوالے سے ہم یکجا ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کو میرا اور نوازشریف کا سلام۔ کشمیری بھائیوں نوازشریف کہتا ہے آئی لو یو، نوازشریف نے کہا تھا میری رگوں میں کشمیر کا خون دوڑتا ہے، نوازشریف کہتا ہے میرا دل بھی کشمیریوں کیلئے دھڑکتا ہے۔ ہم کشمیریوں کی جرات اور استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جواب دو، سقوط کشمیر کے 18ماہ بعد بھی تم جواب دینے کے قابل نہیں۔ ہماری خارجہ پالیسی کیا ہے، صرف 2منٹ کی خاموشی؟ کشمیر پر 2منٹ کی خاموشی ہے یا مجرمانہ خاموشی؟ عمران خان کہاں ہے تمہاری خارجہ پالیسی؟ تم تو شادیانے بجا رہے تھے ٹرمپ کشمیر پر ثالثی کرائے گا۔ عمران خان کیا تو نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کہاں ہے تمہاری ثالثی؟ عمران خان تم نے تو امریکا سے واپسی پر کہا تھا ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں۔ تم کشمیر کی حفاظت نہیں کرسکے۔ عمران خان کیوں تم اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق میں ایک بھی قرارداد منظور نہیں کرسکے، بجائے اس کے کہ تم کشمیریوں کیلئے آواز اٹھاتے تم نے اس کے وزیراعظم کیخلاف غداری کے پرچے کٹوا دیئے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اس سے اپوزیشن قابو نہیں آتی تو اپنے بڑوں کو فون کرتا ہے،ہمیں فون کرکے کہا جاتا ہے سینٹ الیکشن میں عمران خان کا ساتھ دو۔ ان شااللہ شو آف ہینڈ بھی ہوگا، اوپن بیلٹنگ بھی ہوگی،سب کچھ سلیکٹڈ کو گھر بھیجنے کے بعد ہوگا۔ آج عوام تم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں،سلیکٹڈ تو استعفیٰ دینے سے پہلے بھی چندہ مانگ رہا ہے۔ کشمیر فروش استعفیٰ دو ، ہمیں 2019سے پہلے والا پاکستان واپس کرو۔