(24 نیوز)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لندن عدالت میں شہبازشریف کی بے گناہی عمران خان کے جھوٹے ہونے کی گواہی ہے،عمران صاحب آپ کے ہر جھوٹ کا انجام انشا اللہ ایسا ہی نکلے گا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا ڈیلی میل ہتک عزت کیس میں فیصلہ آنے کے بعد شہبازشریف کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہبازشریف کی ایمانداری پرکیچڑ اچھالنے والوں کے سیاہ چہروں کی کالک میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ لندن کی عدالت سے شہبازشریف کی سچائی کی گواہی آئی۔ لندن عدالت کے فیصلے کے بعد کچھ بھی شرم ہوتو عمران صاحب اور کرائے کے ترجمان معافی مانگیں ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ لندن عدالت نے کہا کہ برطانوی قانون کے مطابق شدید ترین درجے میں شہبازشریف کو بدنام کیاگیا۔ برطانوی جج نکلین نے قرار دیا کہ شہبازشریف کے خلاف برطانوی ہتک عزت کے قانون کے اول درجے کا جھوٹ بولاگیا۔ برطانوی جج نے قرار دیا کہ شہبازشریف کے خلاف ڈیلی میل نے سراسر جھوٹ اور مفروضے پر مبنی خبر شائع کی، کوئی منی لانڈرنگ نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اپنے سیاسی انتقام، حسد اور جھوٹ کی آگ سے پاکستان کی جو ہتک آپ نے کرائی، اس کا ازالہ کون کرے گا؟ شہزاد اکبر نے جو کاغذلہرائے تھے وہ لندن کی عدالت میں کیوں پیش نہیں کئے؟جھوٹے کاغذ لہرانے والوں میں ذرا سی بھی شرم ہوتو برطانوی عدالت کے فیصلے کے بعد چلو بھر پانی میں ڈوب مریں۔ ثابت ہوا کہ جن کی اپنی کوئی عزت نہیں ، ان کا کام صرف شرفا کی عزت اور پگڑیاں اچھالنا ہے۔ برطانوی عدالت کے فیصلے سے براڈ شیٹ کے کمشن خور شہزاد اکبر کے چہرے پر جھوٹ کی سیاہی میں اور بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب نے یہ جھوٹا انٹرویو خود کرایا تھا، عمران صاحب آپ کے ہر جھوٹ کا انجام انشا اللہ ایسا ہی نکلے گا ۔عدل اور انصاف جب بھی ہوا، مسلم لیگ (ن) کی قیادت سرخروہوئی، انہیں جیل بھجوانے والے خود جیل گئے، انشا اللہ جب بھی عدل اور انصاف ہوگا مسلم لیگ (ن) کی قیادت پھر سرخرو اور ان پر جھوٹ بہتان باندھنے والے جیل میں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف کے دس ارب کے ہتک عزت کے مقدمے میں پانچ سال سے عمران صاحب مفرور ہیں۔ پاکستان میں اس ہتک عزت کے مقدمے میں بھی انشااللہ عمران صاحب کا جھوٹ بے نقاب ہوکر رہے گا۔