(24 نیوز)صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف ،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی،اعلیٰ عسکری قیات نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے پرویز مشرف کے لیے دعائے مغفرت کی اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔اس کے علاوہ وزیر اعظم شہبازشریف نے پرویز مشرف کی وفات پر اظہارِ تعزیت کیا اور ایک بیان میں کہا کہ مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ان کے غم میں برابرکے شریک ہیں،انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور غمزدہ خاندان کو صبرجمیل عطا کرے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے سابق صد و آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں چوہدری پرویز الہٰی نےکہا کہ سابق صدر و آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے انتقال پر گہرا دکھ اور رنج و غم ہے۔
انھوں نے لکھا کہ بیگم صہبا مشرف، بیٹے بلال مشرف اور بیٹی عائلہ مشرف کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان آرمی اور ملک کیلئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان کی عسکری قیادت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پرویز مشرف سابق صدر، سابق جوائنٹ چیفس اور آرمی چیف رہے، اللہ مرحوم جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کو غریق رحمت کرے اور اللہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے پسماندگان کو صبر و ہمت دے۔