(24 نیوز )بھارتی کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ ششی تھرور نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے انتقال پر منفرد انداز میں افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ششی تھرور نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پرویز مشرف کے انتقال پر تعزیتی پیغام میں کہاکہ پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف طویل عرصے تک زیرِ علاج رہنے کے بعد لا علاج بیماری کے باعث انتقال کر گئےہیں ، وہ بھارت کے ناقابل تسخیر دشمن تھے جو 2002ءسے2007ءکے درمیان امن کے لیے ایک حقیقی طاقت بنے۔
ششی تھرور نے لکھا کہ پرویز مشرف کے دورِ اقتدار میں میری اقوام متحدہ میں ان سے سالانہ ملاقات ہوتی تھی، میں نے انہیں حکمتِ عملی اور سوچ میں بہت ہوشیار اور صاف گو پایا، بھارتی کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے دنیا سے جانے پر دلی جذبات کا اظہار بھی کیا ہے، واضح رہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے۔