(24نیوز)کراچی کی سیاست میں اہم پیشرفت ، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے مل کر چلنے کا اعلان کردیا ۔
عام انتخابات کیلئے انتخابی گہماگہمی عروج پر ہے،متعدد حلقوں پر کانٹے کے مقابلے متوقع ہیں،ایم کیو ایم کے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے مردان ہائوس جاکر پی ایس 88 پر اے این پی کی حمایت کا اعلان کیا جس کے جواب میں اے این پی نے بھی کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 اور 241 پر ایم کیو ایم کے امیدواروں کے حق میں اپنے امیدواروں کو دستبردار کروانے کا اعلان کردیا،اے این پی کی جانب سے پی ایس 108، 109 اور 110 پر بھی اپنےامیدوار دستبردار کروادیے گئے۔
ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات الیکشن کے موقع پر ضرور ہوئی ہے مگر یہ معاملہ محض سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا نہیں، آنے والی نسلوں کیلئے بھائی چارے کی بنیاد رکھ دی ہے،اے این پی رہنما شاہی سید کاکہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا ہمارے وجود کو تسلیم کرنا اے این پی کیلئے کافی تھا اگر یہ الیکشن میں حمایت نہ بھی کرتے تو بھی ایم کیو ایم کا اقدام ان کیلئے کافی تھا۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 207 شہید بینظیر آباد: آصف زرداری اور شیر محمد رند بلوچ مدمقابل