کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے کیلئے پی پی کی کامیابی ضروری ہے ، بلاول بھٹو

Feb 05, 2024 | 13:39:PM

(24 نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو روکنے کے لیے 8 فروری کو پیپلزپارٹی کی کامیابی بہت ضروری ہے۔

یومِ یکجہتیِ کشمیر کے حوالے سے ایک پیغام میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کے لیے آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی بھاری اکثریت سے جیت ضروری ہے،پاکستان میں نفرت و تقسیم کی سیاست کا خاتمہ کرکے قوم کو اتحاد و اتفاق کی طاقت میں پرونا کشمیر کاز کے لیے ناگزیر ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کہ شہ رگ قرار دیا تھا، قائد عوام شہید بھٹو نے قائداعظم کے مؤقف کو آگے بڑھایا،انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہمیں کشمیر کی خاطر ایک ہزار سال تک جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے۔

پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر سال 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا تاریخی فیصلہ کیا،شہید محترمہ کے اس فیصلے نے کشمیر کاز کو ناقابلِ تسخیر بنادیا، محترمہ بینظیر بھٹو کے اس اقدام کی گونج دنیا کے ہر کونے میں سنائی دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو کی ٹوئٹ پر نئی بحث چھڑ گئی

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں بھی اپنے نانا اور والدہ کے نقشِ قدم پر چلوں گا، وزیر اعظم منتخب ہو کر کشمیر کاز کو آگے بڑھاؤں گا،میں دنیا کے ضمیر کو جگاؤں گا کہ وہ کشمیریوں سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،کشمیری عوام کو بدترین مظالم کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے حقِ آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے پر سلام پیش کرتا ہوں۔

مزیدخبریں