(افضل بلال) ملک بھر کے باقی حلقوں کی طرح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 10 بونیر 1 میں بھی کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 10 بونیر 1 میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز، جماعتِ اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹیرینز اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سمیت دیگر آزاد امیدوار انتخابی دنگل کا حصہ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 30، کون کونسی جماعتیں مدمقابل، کس میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا؟
این اے 10 میں پیربابا، سلطانوس، تورورسک، جوڑ، ڈگر،ریگا، دیوانہ بابا، شلبانڈی، چینہ، نواگئی، چملہ، طوطالئی، چعرزئی،باجکٹہ، گلبانڈی، خدوخیل، گوکند، بٹاڑہ اور کڑپہ کے علاقے شامل ہیں، حلقے کی کل آبادی 10 لاکھ 16 ہزار 8 سو 69 افراد پر مشتمل ہے جبکہ کل ووٹرز 5 لاکھ 62 ہزار 2 سو 52 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 2 ہزار 6 سو 6 ہے اور خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار 6 سو 46 ہے۔
این اے 10 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بیرسٹر گوہر علی خان اور جماعت اسلامی کے بخت جہان خان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے سالار خان، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے یوسف علی، پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹیرینز اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بھی مدِ مقابل ہیں۔