سانحہ مچھ! ورثا کا میتیں رکھ کر دھرناجاری،’’عمران خان کوئٹہ آؤ‘‘ کے نعرے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) سانحہ مچھ کے خلاف ورثا کا کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر میتیں رکھ کر تیسرے دن بھی دھرنا جاری ہے۔دھرنےمیں’’عمران خان کوئٹہ آؤ‘‘ کے نعرے بھی لگائے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق احتجاجی دھرنے میں خواتین، بچے اور بزرگ شہری بھی شامل ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ جب تک وزیراعظم عمران خان احتجاجی دھرنے میں نہیں آتے میتوں کی ہمراہ دھرنا جاری رہے گا۔
یاد رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی سربراہی میں وفد سے مذاکرات ناکام ہوئے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور صوبائی وزراء نے دھرنے پر بیٹھے افراد سے مذاکرات کئے۔ احتجاجی شرکا نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کی یقین دہانی سے مطمئن نہیں۔
دوسری جانب کراچی میں بھی مچھ واقعہ کے خلاف ہزارہ برادری کی جانب سے پاور ہاؤس سے ناگن چورنگی جانے والی سڑک پر احتجاج کیا جارہا ہے۔احتجاج کےباعث پاور ہاؤس سے ناگن چورنگی جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔اس حوالے سے ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ پاور ہاؤس سے ناگن چورنگی جانے والے ٹریفک کو سروس روڈ سے گزارا جارہا ہے۔