(24نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کےلئے ڈیل سے متعلق باتوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیل کے حوالے سے باتیں من گھڑت اور قیاس آرائیاں ہیں،سول ملٹری تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں ۔
بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق ڈیل کی خبروں کے سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ ڈیل سے متعلق سب باتیں بے بنیاد افواہیں ہیں اس پر ہم جتنا کم بات کریں اتنا بہتر ہے، ملک میں بات کرنے کے لئے اور بہت اہم ایشوز ہیں۔ شام کے پروگرامز میں کہا جاتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے یہ کردیا وہ کردیا، اسٹیبلشمنٹ کو ڈیل اور اس طرح کی باتوں سے باہر رکھا جائے ، ڈیل کی باتیں کرنے والوں سے پوچھا جائے کہ کون ڈیل کی باتیں کر رہا ہے اور اس کے محرکات کیا ہیں، کیا شواہد ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ کچھ عرصے سے پاکستان کے اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی جارہی ہے، اس مہم کا مقصد عوام اور ریاست کے درمیان دوریاں اور خلیج پیدا کرنا ہے، شرپسند لوگ بیرون ملک بیٹھ کر ملک کے خلاف جھوٹی مہم چلا رہے ہیں،شرپسند عناصر پہلے بھی ناکام ہوئے اور آئندہ بھی ناکام ہوں گے، ہم ان عناصر کے مذموم عزائم اور مقاصد سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے لنکس سے بھی باخبر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف آپریشن ہو رہا ہے، موجودہ افغان حکومت کی درخواست پر کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا آغاز کیا گیا لیکن کچھ چیزیں ناقابل قبول تھیں، تنظیم غیر ریاستی عنصر ہے جو پاکستان میں کوئی بڑا حملہ نہیں کر سکی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی میں اندورنی اختلافات بھی ہیں جبکہ افغان حکومت کو کہا ہے کہ اپنی سرزمین کو ہمارے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔انہوںنے کہاکہ بارڈر مینجمنٹ کے تحت پاک۔ افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا مقصد دونوں ممالک کی سرحدوں اور لوگوں کو محفوظ بنانا ہے، باڑ لگانے کا کام 94 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے، یہ امن کی باڑ ہے جسے لگانے کے عمل میں ہمارے جوانوں کا خون شامل ہے جس کو ہر صورت میں مکمل کیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مغربی سرحد پر 2021 میں صورتحال تشویشناک رہی، افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے اثرات پاکستان کی سیکیورٹی پر پڑے تاہم پاک۔ افغان حکومتی سطح پر دونوں طرف ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔میجر جنرل بابر افتخار نے بھارتی مظالم کے حوالے سے کہا کہ بھارتی فوج، دہشت گردی کے نام پر مظلوم کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے جبکہ بھارت، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اردگرد بسنے والے لوگوں کو شہید کرچکا ہے، ایل او سی پر پورا سال امن رہا، بھارت کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کا سب سے بڑا فائدہ یہ تھا کہ وہاں رہنے والے مقامی لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئی، لیکن ساتھ ہی بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے الزام تراشی اور جھوٹا پروپیگنڈا مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانے کے مخصوص ایجنڈے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سکول بند ہوں گے یا نہیں؟ ۔۔عدالتی حکم جاری
انہوں نے کہا کہ بھارت، مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی مظالم سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے جبکہ اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی محاصرہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ 2021 میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا گیا اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد تنظیموں کا صفایا کیا، طاقت کا استعمال صرف ریاست کا حق ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خلاف مو¿ثر کارروائیاں کی گئیں اور 78 تنظیموں کے خلاف ایکشن لیا گیا جبکہ تھریٹ الرٹ کی صورت میں حملے روکنے میں 70 فیصد کامیابی ملی۔انہوںنے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی شاندار رہی، کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں نمایاں کمی آئی، 2014 میں کراچی ورلڈ کرائم انڈیکس میں چھٹے نمبر تھا، آج کراچی ورلڈ کرائم انڈیکس میں 129ویں نمبر پر ہے۔پاکستان کی معاشی صورتحال سے متعلق سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ معاشی صورتحال کا ہر شعبے میں عمل دخل ہوتا ہے، مگر ہمارے معاشی چیلنجز نئے نہیں ہیں اور اللہ کا شکر ہے مسلح افواج نے ملک کے بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ بھی کیا ہے۔مہنگائی سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو بھی مہنگائی کا احساس ہے، پاک فوج عوام سے الگ نہیں، پاک فوج کا جوان اور افسر بھی ایسے ہی بازار سے جاکر اشیا خریدتا ہے جیسے عوام، جس طرح عوام مہنگائی سے متاثر ہوتے ہیں ویسے ہی پاک فوج کا جوان اور افسر بھی مہنگائی سے متاثر ہوتا ہے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں مزید توسیع کے امکان سے متعلق سوال میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ایسی بے بنیاد قیاس آرائیوں پر زیادہ بات کرنا مناسب نہیں۔پاک۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ سی پیک منصوبوں پر کام کامیابی سے جاری ہے اور بہت جلد سی پیک کے جاری منصوبوں کا میڈیا کے نمائندوں کو دورہ بھی کرایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: یورپ، برطانیہ اور امریکا جانیوالی ائیرلائنز پر بڑی پابندی ختم