شمالی کوریا کا ایک اور بیلیسٹک میزائل کا تجربہ 

Jan 05, 2022 | 20:47:PM

 (ویب ڈیسک )شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جبکہ جاپان اور جنوبی کوریا کے حکام نے اس کی تصدیق کی ہے۔ یہ شمالی کوریاکی جانب سے اکتوبر 2021 کے بعد اور اس سال کا پہلا بیلسٹک میزائل تجربہ ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیلیسٹک میزائل بحیرہ جاپان میں جاپان کے آبی حدود سے باہر گرا۔ جاپان کے وزیر دفاع نوبوو کیشی نے بتایا کہ اس بیلسٹک میزائل نے تقریباً 500 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔شمالی کوریا پر بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کرنے کے حوالے سے بین الاقوامی پابندیاں عائد ہیں تاہم وہ انہیں نظر انداز کرتے ہوئے اکثر تجربات کرتا رہتا ہے۔جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ شمالی کوریا اکثر میزائل داغتا رہتا ہے، جو کہ انتہائی افسوس کی بات ہے۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ہماری فوج ممکنہ مزید میزائل داغنے کی تیاری کی صو رت میں پوری طرح تیار ہے اور ہم امریکا کی معاونت سے صورت حال پر قریبی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شمالی کوریا کی طرف سے میزائل داغنے کے بعد کی صورت حال کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔
جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کونسل نے ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی اور کہا کہ میزائل داغنے کا یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب داخلی اور خارجی استحکام انتہائی اہم ہیں۔کونسل نے شمالی کوریا سے مذاکرات بحال کرنے کی اپیل کی۔جاپان کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز بتایا کہ جاپانی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع جمعے کے روز اپنے اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کرنے والے ہیں اور وہ سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
 یہ بھی پڑھیں۔سکولوں میں مزید چھٹیاں ہوں گی یا نہیں ؟ فائنل فیصلہ آگیا
 

مزیدخبریں