اعتماد کا ووٹ: وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کو جھٹکا

Jan 05, 2023 | 08:58:AM

  (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہ دینے کا اعلان کردیا۔

مومنہ وحید کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہیں دوں گی، آج تحریک انصاف میں پُرانا کارکن دلبرداشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی صرف گجرات اورمنڈی بہاء الدین میں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اردگرد صرف مفاد پرست لوگ اکھٹے ہیں۔ رکن پنجاب اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے مزید اراکین ہیں جو وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گے۔ مومنہ وحید کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور وہ مخصوص نشست پر رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرہ نقوی نے اعتماد کے ووٹ میں پرویز الہٰی کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 9 جنوری کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اہم ٹاسک دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کو پنجاب اسمبلی میں پرویز الٰہی کیلئے 186 ووٹ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے،عمران خان کو آگاہ کر دیا گیا ہےکہ بعض ارکان کے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے کا خدشہ ہے۔

اس وقت تحریک انصاف کے دعوے کے مطابق انہیں 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے اور اگر دو ارکان بھی غیر حاضر ہوئے تو پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ ہار جائیں گے۔

مزیدخبریں