ممکنہ قدرتی آفات پر مبنی ’ڈیزاسٹر رسک کیلنڈر‘ تشکیل دے رہے ہیں ، چیئرمین این ڈی ایم اے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ سائنٹفک ڈیٹا اور عملی تجربات کی روشنی میں ملک کے مختلف علاقوں میں آنے والی ممکنہ قدرتی آفات پر مبنی ’ڈیزاسٹر/ رسک کیلنڈر‘ تشکیل دے رہے ہیں جس سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں آسانی پیدا ہوگی جبکہ قدرتی آفات کے حوالے سے پہلی بار قومی سطح پر "فرضی مشقوں " کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام دوسری " قومی رابطہ کانفرنس برائے موسم سرما کی ہنگامی صورتحال " سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کانفرنس میں متعلقہ وزارتوں ، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ،محکمہ موسمیات ،واپڈا ،واسا ،این ایچ اے ،پی ایم ڈی سی ، آئی سی ٹی ، مسلح افواج ،ایمرجنسی سروسز سمیت سپارکو کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پی ایم ڈی ایز اور ریسکیو ایجنسیوں نے کانفرنس کو بتایا کہ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت چوکس اور تمام ضروری آلات سے لیس ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اگلے تین ماہ کے دوران ملک میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں جبکہ دھند اور ٹھنڈ کے باعث کھڑی فصلوں اور سیلاب زدہ علاقوں کی زمین میں نمی بڑھنے کا امکان ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے رواں موسم سرما کے دوران موثر انتظامات پر مختلف محکموں کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے ہنگامی حالات کے دوران مقامی کمیونٹیز کی فعال شرکت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر لاجسٹک انتظامات اور سیاحوں کےلئے سہولیات بہتر بنائی جائیں جبکہ کسی بھی آفت کی صورت میں سیاحوں کے ساتھ مہمان نوازی کے رویے کےلئے مقامی آبادی میں آگاہی پیدا کی جائے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے پی ایم ڈی ایز کو ہدایت کی کہ اپنے پاس موجود ضروری اشیا کے سٹاک کے آڈٹ کے علاوہ کسی ہنگامی صورتحال میں درکار اشیا کی فہرستوں کا ازسر نو جائزہ لیں۔
یہ بھی پڑھیں: افریقی ملک ملاوی میں ہیضے سے ہلاکتوں کے باعث سکول بند کرنیکااعلان