پی ٹی آئی کے کتنے ارکان باغی؟ پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)تحریک انصاف سے ناراض ارکان سامنے آ گئے،پی ٹی آئی کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید اور مجلس وحدت المسلمین کی ایم پی اے سیدہ زہرہ نقوی کی جانب سے ناراضگی کا اظہار ،اعتماد کا ووٹ دینے سے انکار کر دیا ۔ پشاور سے رکن قومی اسمبلی ناصر موسی زئی بھی ناراض ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ لینے میں مشکلات کا سامنا ہے ،پی ٹی آئی کے پشاور سے رکن قومی اسمبلی ناصر موسی زئی نے پی ٹی آئی سے مستعفی ہوکر جے یوآئی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا، جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے ناصر موسی زئی سے ملاقات کی،مولانا عطا الرحمان نے ناصر موسی زئی کو جے یوآئی میں شمولیت کی دعوت دی ،ناصر موسی زئی نے سینیٹر مولانا عطا الرحمان کی دعوت قبول کرلی ۔
پی ٹی آئی کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پرویزالٰہی کواعتمادکاووٹ نہیں دوں گی، آج تحریک انصاف میں پُرانا کارکن دلبرداشتہ ہے،انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی صرف گجرات اورمنڈی بہاؤ الدین میں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں،ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کے اردگرد صرف مفاد پرست لوگ اکھٹے ہیں۔ رکن پنجاب اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے مزید بھی ارکان ہیں جو وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گے،مومنہ وحید کا تعلق راولپنڈی سےہے اور وہ مخصوص نشست پر رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔
مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس نے کہا کہ ہمیں دیوارسے لگایا گیا ہے ، پرویزالہٰی نے ہم سے کئے وعدوں پرعمل نہیں کیا،ایم ڈبلیو ایم کی ایم پی اے سیدہ زہرہ نقوی پرویزالہٰی کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گی۔
خیال رہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی ہدایت پر اسمبلی سیکرٹریٹ نے 9 جنوری کو اجلاس طلب کر رکھا ہے ، آئندہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ پر کارروائی شروع کی جائے گی۔