اداکارہ کبریٰ خان نے یوٹیوبرعادل راجہ کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)اداکارہ رابعہ اقبال عرف کبریٰ خان نے میجر (ر) عادل راجہ کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ۔عدالت نے ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو کبریٰ خان سمیت چاروں اداکاراﺅں کےخلاف سوشل میڈیا پر مواد بلاک کرنے کا حکم دے دیا ۔
کبریٰ خان کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ یو ٹیوبر سابق فوجی افسر نے میڈیا انڈسٹری کی چار اداکاراؤں کے خلاف جھوٹے الزامات لگا کر ان کی تذلیل کی ، جھوٹے اور من گھڑت الزامات سے میری اور دیگر اداکاراﺅں کی عزت اور وقار کو مجروح کیا گیا ، درخواست میں مزید کہاگیاہے کہ یوٹیوبر عادل فاروق راجہ نے بعد میں ایک اور ویڈیو وضاحت کی اور پہلے والے موقف سے مکر گئے ، اس دوران درخواست گزار سمیت اداکارہ کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ۔
اداکارہ نے کہاکہ ہتک آمیز مواد کو ہٹانے کیلئے ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے رابطہ کیا گیا ہے لیکن یوٹیوب کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ،عدالت نے آئندہ سماعت پر پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ مہوش حیات نے سکیورٹی گارڈز رکھ لئے