شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کی تقدیر بدلی اور بے آوازوں کی آواز بنے،آصف علی زرداری

وہ بے مثال ذہانت، حوصلے اور کرشماتی شخصیت کے حامل سیاستدان تھے، 97 ویں یوم پیدائش پر پیغام

Jan 05, 2025 | 11:38:AM
  شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کی تقدیر بدلی اور بے آوازوں کی آواز بنے،آصف علی زرداری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری  نے  شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 97 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پیغام میں کہاہے کہ وژنری رہنما کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انہوں نے پاکستان کی تقدیر بدلی اور بے آوازوں کی آواز بنے۔

صدر مملکت نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بے مثال ذہانت، حوصلے اور کرشماتی شخصیت کے حامل سیاستدان تھے، انہوں نے ہمیں پہلا متفقہ طور پر منظور شدہ 1973 کا آئین دیا، پارلیمانی، جمہوری اور وفاقی طرز حکومت کی بنیاد رکھی۔

 صدر مملکت نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار تھے، ہمارا ایٹمی پروگرام ہماری خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ میں کلیدی حیثیت کا حامل ہے،ان کی قیادت میں پاکستان نے چین اور دیگر کئی دوست ممالک کے ساتھ خارجہ تعلقات کو مضبوط کیا۔

 صدر مملکت آصف علی زرداری نے مزید کہاکہ شہید بھٹو نے صنعتی اور تکنیکی شعبے کو ترقی دی،روسی تعاون سے کراچی میں پاکستان اسٹیل ملز کا قیام عمل   میں لایا،انہوں نے ہماری دفاعی صنعت کو ترقی دی جس سے ہماری دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا۔

 صدر مملکت نے کہاکہ شہید بھٹو کی مدبرانہ حکمت عملی کی وجہ سے 1974 میں پاکستان نے اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی، کانفرنس نے مسلم دنیا کے رہنماؤں کو امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور تعاون کو بڑھانے کے لیے اکٹھا کیا، ان کی کوششوں نے ترقی پذیر ممالک اور اسلامی دنیا میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو تقویت بخشی،شہید بھٹو نے پسماندہ افراد کو بااختیار بنانے اور معاشی تفاوت کو ختم کرنے پر بھی توجہ دی، انکی زرعی اصلاحات اور مزدوروں اور کارکنوں کی ترقی کے لیے اقدامات نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بدل دیں۔

یہ بھی پڑھیں:یوم حق خودارادیت،کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئےشہر شہر ریلیاں

 صدر مملکت نے مزیدکہاکہ شہید بھٹو کے معاشی اقدامات، بڑے اداروں کی تشکیل اور تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی توسیع نے ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جیسے اداروں کا قیام اور فنی تعلیم پر توجہ علم تک سب کو رسائی دینے کے شہید بھٹو کے عزم سے ہی ممکن ہوئی، شہید ذوالفقار علی بھٹو جمہوریت کے داعی تھے، آمریت اور جبر کے خلاف ثابت قدم رہے، انہوں نے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے پھانسی کے پھندے کا سامنا کیا، اُن کی قربانی نے شہید بھٹو کو مزاحمت اور استقامت کی شمع کے طور پر امر کر دیا، آئیے جمہوریت، مساوات اور سماجی و اقتصادی انصاف کے شہید بھٹو کے نظریات کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں، ترقی پسند، خودمختار، اور جامع پاکستان کا شہید بھٹو کا خواب آج پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے،ہمیں ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے مشن کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے جہاں عوام کا راج ہو اور جہاں ہر شہری کو یکساں مواقع میسر ہوں۔

آصف علی زرداری نے کہاکہ آئیے ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے اور پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے مل کر کام کریں، جیئے بھٹو! پاکستان کھپے!۔