(24نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5 جولائی کو پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ ترین دن کے طور پر یاد کیا جائے گا۔ 5جولائی 1977کی بغاوت نے ملک میں دہشت گردی کے بیج بوئے ،ہم آج بھی پاکستان کی جمہوری بقا کے لئے لڑ رہے ہیں،جمہوری اور آمریت پسند قوتوں کے درمیان جنگ آج بھی جاری ہے۔1977 کا مارشل لاء پاکستان کی عوام پر بدترین حملہ تھا، جس کا خمیازہ آمر کی موت کو کئی دہائیاں گذرنے کے باوجود قوم تاحال بھگت رہی ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق بلاول بھٹو نےسانحہ 5 جولائی 1977 کے حوالےسے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے دوراندیش سیاسی تدبر سے عالم اسلام کی قیادت کی اور بڑی بہادری کے ساتھ عوام کے حقوق کے لئے جنگ لڑی،ذوالفقار بھٹو نے کہا تھا کہ اقتدار عوام کو دیا جائےورنہ سب کچھ ختم ہو جائے گا،انہوں نے ملک و قوم کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیااور جان نچھاور کرنے کو ترجیح دی، ان کے حامی اور پیروکاروں کو بھی ہر قسم کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا،بھٹو کواذیتیں دینے والے ملامت جھیلنے کے لئے کوڑے دان میں پڑے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار بھٹو نے اتفاق رائے سے آئین کی منظوری کی سرپرستی کی اورچند سلیکٹڈ افراد تک محدود اقتدار کو چھین کر عوام کو اختیارات منتقل کئے،بینظیر بھٹو نے بھی آمریت کے خلاف بھرپور اور دلیرانہ جدوجہد کی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک و قوم کے حقوق پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے اپنی جان نچھاور کرنے کو ترجیح دی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان آج گودار کا دورہ کریں گے