(24نیوز)وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 5 جولائی 1977ء قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، پاکستان جن سیاسی، معاشی، معاشرتی بیماریوں کو جھیل رہا ہے، اس کے تانے بانے ضیاء دور سے ملتے ہیں۔
پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج کے دن ڈکٹیٹر نے پاکستان کے پہلے منتخب وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کیا تھا، ضیاءالحق نے پاکستان کی سیاسی، معاشرتی زندگی میں لسانیت و فرقہ واریت کی سوچ کا زہر گھولا۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ضیاء الحق نے جمہوریت اور وفاق پرست سیاسی جماعتوں پر زمین تنگ کر دی تھی، شہید بھٹو کو سیاسی منظر سے ہٹانے کے لیے عدالتی قتل کا اسٹیج تیار کیا گیا، ضیاءالحق نے پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کو جیلوں میں ڈالا، کوڑے مارے، جلا وطن ہونے پر مجبور کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو، بیگم نصرت بھٹو، تحریکِ بحالیٔ جمہوریت کے جیالوں، سیاسی کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، تحریکِ بحالیٔ جمہوریت کے دوران عوام نے انتھک جدوجہد کی اور بے مثال قربانیاں دیں۔
خیال رہے کہ آج سے 45 سال قبل 5 جولائی 1977ء کو سابق وزیرِ اعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ اُلٹ دیا گیا تھا۔