(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ضمنی انتخاب سے قبل پیکیج کا اعلان کرنے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔
مذکورہ خط پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر فواد چوہدری کی جانب سے تحریر کیا گیا ہے، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ یکم جولائی 2022 کو عدالت نے پنجاب کو بحران سے بچانے کا فارمولہ وضع کیا۔
عدالتی حکم میں واضح احکامات دیے گئے کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن شفاف اور آزادانہ ہوں گے اور کہا گیا کہ آزادانہ انتخابات کےانعقاد پر کسی قسم کا حملہ نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی مسافر طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ
فواد چوہدری کی جانب سے کہا گیا کہ حمزہ شہباز نے خود یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ دھاندلی کا ارادہ نہیں رکھتے، تاہم حمزہ شہباز کے انفرادی اور سرکاری کردار پر تحریک انصاف کو تحفظات ہیں۔
متن میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز سپریم کورٹ کے احکامات اور انتخابی ضابطہ اخلاق کو روند رہے ہیں، ضمنی انتخاب سے چند روز قبل صوبے کے عوام کیلئے پیکج کا اعلان کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے بھیجے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے پیکج کا مقصد عدالت سے حاصل ریلیف کو سیاسی فائدے کیلئے استعمال کرنا ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ضمنی انتخابات سے قبل اعلان کیا ہے کہ سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل حکومت برداشت کرے گی۔