پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا: آصف علی زرداری

Jul 05, 2022 | 17:15:PM
 پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا: آصف علی زرداری
کیپشن: آصف علی زرداری (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سابق صدر و شریک چیئرمین  پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے آئین و جمہوریت کی بحالی کیلئے شہادتیں بھی قبول کیں، پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا۔

 سابق صدر  آصف علی زرداری نے 5 جولائی یوم سیاہ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو، شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو سمیت ان تمام سیاسی کارکنوں، طالب علموں، مزدوروں اور صحافیوں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1973ء کے آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لئے شہادتیں قبول کیں، کوڑے کھائے، جبر اور تشدد برداشت کیا،انہوں نے کہا کہ  جب بھی آئین اور جمہوریت پر حملہ ہوا  پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے آئین اور جمہوریت کا بھرپور دفاع کیا، ملک کی تمام جمہوری قوتوں کو اکٹھا ہو کر اتفاق رائے سے فیصلے کرکے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے کام کرنا ہوگا۔

پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ملک اور عوام کے لئے مشکلات بھی برداشت کی ہیں اور مشکل فیصلے بھی کئے ہیں، ملک اور عوام آج ایک بار پھر مشکلات سے نکل کر درست سمت کی طرف گامزن ہے، جمہوریت ہمیں کبھی بھی تحفے میں نہیں ملی، جمہوریت کی خاطر پیپلزپارٹی کے جیالوں نے تختہ دار بھی قبول کیا ہے۔