قرآن مجید کی بے حرمتی، پاکستان نے معاملہ سویڈش حکومت کے سامنے اُٹھا دیا

Jul 05, 2023 | 13:19:PM

(24نیوز) پاکستان نے قرآن مجید کی بے حرمتی، مسلمانوں کی دل آزاری پر معاملہ باضابطہ سویڈش حکومت کے سامنے اٹھا دیا۔

سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے اور بے حرمتی کا دلخراش سانحہ پیش آیا۔ یہ معاملہ ایک شخص کی جانب سے مظاہرے کے دوران قرآن کی بے حرمتی کے اگلے ہی روز سامنے آیا۔

وزارت خارجہ نے پاکستانی حکومت کے شدید تحفظات سے سویڈش حکومت کو آگاہ کر دیا۔ وزارت خارجہ نے اسلام آباد میں سویڈش سفارتی عملے، بذریعہ پاکستانی سفارتخانہ سٹاک ہوم تحفظات پہنچائے۔ پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس جدہ میں بھی اپنے تحفظات رجسٹر کرائے۔ 

ذرائع  کے مطابق پاکستان، سویڈن جیسے اسلاموفوبک معاملات کی روک تھام کے لیے معاملہ جلد اقوام متحدہ میں اٹھائے گا۔ پاکستان نے اسلاموفوبک معاملے پر اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل جنیوا کے ہنگامی اجلاس کی درخواست دے دی۔

پاکستانی مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے پاکستان سمیت 19 او آئی سی ممالک کی طرف سے کونسل کو درخواست دی۔ 

مزید پڑھیں:   ہم کوئی غلط مثال قائم نہیں کرنا چاہتے جو ادارے کیلئے ٹھیک نہ ہو: جسٹس عامر فاروق 

اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں مذہبی منافرت میں اضافے پر بحث جلد ہونے کا امکان ہے۔ روا‍ں سال اپریل سے پاکستان میں سویڈن کا سفارتخانہ جزوی بند کر دیا گیا، کوئی سفیر موجود نہیں، سفارتی عملہ بھی جا چکا۔

سیکیورٹی صورتحال کے باعث سویڈش قونصلر خدمات بھی پاکستان سے ایتھوپیا منتقل ہو چکیں ہیں۔

مزیدخبریں