(ویب ڈیسک) ایف آئی اے نے اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 5 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کرائم سرکل میرپور خاص نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل میں ملازمت اختیار کرنے والے 5 پاکستانی ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ مجموعی طور پر 8 ملزمان کیخلاف 5 مقدمات درج کر لیے گئے۔ ملزمان تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت کررہے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان 4 سے 7 سال تک تل ابیب میں مقیم رہے، جنہوں نے اسرائیلی ایجنٹ کے ذریعے انٹری حاصل کی۔ ملزمان نے اسرائیلی ایجنٹ کو فی کس 3 سے 4 لاکھ روپے ادا کیے۔ گرفتار ملزمان نعمان صدیقی، کامل انور، کامران صدیقی، محمد ذیشان اور محمد انور کا تعلق میرپور خاص سے ہے جو شینگن ویزے پر جارڈن ایئرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے تھے۔
ملزمان ویسٹرن یونین کے ذریعے پاکستان رقوم منتقل کرتے رہے اور ترکی، کینیا و سری لنکا کے راستے سے بھی جارڈن ایئرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے رہے۔ ملزمان وطن واپسی کیلئے دبئی کے راستے جارڈن ایئرپورٹ سے کراچی آتے تھے۔
ملزمان کیخلاف پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔