(ویب ڈیسک)جائیں تو جائیں کہاں؟مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے ایک اور بری خبر،پنجاب کے اہم شہر گوجرانوالہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے مہنگا ہو گیا۔
گوجرانوالہ میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1700 سے بڑھا کر2000 روپے کردی گئی ہے، پرچون دکاندار آٹا فی کلو 100 روپے میں فروخت کر رہے ہیں، شہریوں کو آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بہاولپور میں بھی15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 200 روپے بڑھ گئی، چکی کا آٹا پانچ کلو 860 روپے میں فروخت ہونے لگا، شہریوں نے انتظامیہ سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹے کا تھیلا مزید مہنگا ہونے کا امکان ہے، بجٹ میں ٹیکسوں میں اضافے کے بعد فی کلو آٹے کی قیمت میں 5 تا 7 روپے اضافہ ہونے کا امکان ہے، اس بارے میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہفتے کو لاہور میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
فلور ملز مالکان نے حکومت سے گندم کی مصنوعات پر ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کی اپیل کرتے ہوئے حکومت پر واضح کردیا ہے کہ اگر گندم کی مصنوعات پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو وہ اپنی فلور ملیں بند کرنے سمیت ہڑتال کی کال بھی دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کے بعد پانی بھی مہنگا،ماہانہ بل اب کتنا آئے گا؟پریشان کن خبر آ گئی
خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر خوارک بلال یاسین کی پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان سے ملاقات کے بعد فلور ملز نمائندگان نے آٹے کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان سے ملاقات کی جس کے بعد فلور ملز نمائندگان نے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 80 روپے کمی کا اعلان کیا۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے، گندم کے اضافی اسٹاک کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش ہوئی۔