پارٹی میں اختلاف نہیں،باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا جا رہا ہے:علی امین گنڈا پور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پارٹی میں اختلاف والی کوئی بات نہیں باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا جا رہا ہے،جن کے بارے میں اختلاف کا کہا تھا انہوں نے خود تردید کر دی۔
جوڈیشل کمپلیکس میں گفتگو کے دوران علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہوں گے، ہمیں عدلیہ سے پوری امید ہے،ہماری کیمپین جاری ہے، آج مانسہرہ اور کل اسلام آباد میں بہت بڑا جلسہ ہوگا۔ ہم آئین اور قانون پر چلنے والی پارٹی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھی یہیں ہے ہم بھی یہیں ہے ہمارے ساتھ ہونے والے غیر قانونی کام کا حساب ہوگا ۔پارٹی میں اختلاف والی کوئی بات نہیں باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا جا رہا ہے،پارٹی میں ہر بندے کی اپنی رائے خواہشات ہیں، تھوڑے بہت اختلافات آجاتے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ پارٹی میں اختلاف ہیں یا بانی پی ٹی آئی سے وفاداری میں فرق آرہا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ان کو شرم آنی چاہیے ایک طرف سیاسی پارٹی کہتے دوسری طرف گرفتاریاں کر رہے ہیں۔ ہم نے 100 دن کی پرفارمنس پیش کی، کسی نے نہیں دکھایا، مریم نواز کی سارا دن پرفارمنس دکھائی جاتی ہے کیونکہ پیچھے سے آرڈر ہے۔
ان کے فنانس ایڈوائزر اور ہمارے فنانس ایڈوائزر کو بیٹھائیں بات کریں، اس پر کوئی بحث نہیں ،ملک کی اکانومی کہاں کھڑی ہے اثاثوں کو بیچا جارہا ہے اس پر بات ہونی چاہئے لیکن میڈیا ان باتوں کے پیچھے لگا ہوا ہے کہ فواد چودھری نے یہ بیان دیا، شہریار آفریدی نے وہ بیان دیا۔میڈیا کو کہتا ہوں پاکستان کے آئین توڑنے والوں کی نشاندھی کریں۔
علی امین گنڈا پور نے بتایا کہ بانی پی ٹی سے ملاقات کے لیے جارہا ہوں نہ ملنے دیا تو واپس آجاؤں گا۔
ایک صحافی نے علی امین گنڈا پور سے سوال کیا کہ مریم نواز کی طرح ٹک ٹاکرز سے اپنی کارکردگی شئیر کریں گے ؟ جواب میں وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ میں کوئی ٹک ٹاکر ہوں؟ میرے محکمے کے ایڈوائزر موجود ہیں،کارگردگی چیک کریں زبانی باتیں نہیں کرتے ۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کل قافلے خود آئیں گے اور اسلام آبادسے ٹکرائیں گے،ان سے یہی کہوں کا لوگوں کو تنگ نہ کریں۔