وزیراعظم نےپاکستان کی نمائندگی کی،دورہ تاجکستان اور قازقستان کامیاب رہا:وزیر اطلاعات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہےوزیراعظم شہباز شریف نے بھرپور طریقے سے پاکستان کی نمائندگی کی،دورہ تاجکستان اور قازقستان انتہائی کامیاب رہا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے تاجکستان سے اپنے دورہ کا آغاز کیا، جہاں پاکستانی وفد کو بڑی پذیرائی ملی، تاجکستان کے صدر نے پاکستان کیلئے جن جذبات کا اظہار کیا اس کیلئے ان کے مشکور ہیں، تاجکستان اور پاکستان کے عوام تجارت اور سرمایہ کاری سے مستفید ہو سکتے ہیں، وزیراعظم کے دورے کے دوران کراچی پورٹ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی،لینڈ روٹس، ریل روٹس کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے اور کاروباری طبقہ کو سہولیات کی فراہمی پر بھی بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ قازقستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات ہوئی،روسی صدر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینے پر گفتگو ہوئی،ترکی، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات میں علاقائی امن و استحکام پر گفتگو ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف کی بیلاروس اور ازبکستان کے صدور کے ساتھ ملاقاتوں میں بھی تجارت میں اضافے اور کاروباری طبقات کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں،تجارتی حجم اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے حوالے سے معاملات آگے بڑھے ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان نے فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا واضح اور دوٹوک موقف پیش کیا،وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل نہ صرف فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے بلکہ جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے،وزیراعظم نے فلسطین میں 37 ہزار فلسطینیوں کی شہادت کا بھی ذکر کیا،وزیراعظم نے اسرائیل کو جوابدہ بنانے کا کہا،پاکستان 1967ءسے قبل فلسطینی سرحد کی حمایت کرتا ہے جس کا دارالحکومت القدس ہو۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہاکہ وزیراعظم نے ہر پاکستانی کے دل کی آواز اٹھائی ہے،فلسطین میں ظلم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں،وزیراعظم نے دلیری سے پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھا،یہ بہت بڑی کامیابی ہے،شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں اسلامو فوبیا اور افغانستان کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:’ہرگز اجازت نہیں دوں گا ‘نائب وزیر اعظم کا سینیٹ میں دوٹوک اعلان