کور کمانڈرز کانفرنس؛”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقیدپراظہارِ تشویش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی،فورم نے امن و استحکام کیلئے شہداء، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت کیا۔
فورم نے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے '' عزمِ استحکام'' کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا،فورم نے انسدادِ دہشت گردی کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کیلئے”عزمِ استحکام“ دہشتگردی اورغیر قانونی سرگرمیوں (Illegal Spectrum) کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کیلئے وقت کا اہم تقاضہ قرار دیا، چند حلقوں کی جانب سے ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کیلئے قیاس آرائیوں پر فورم نے اظہارِ تشویش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے عزم کا اعادہ کیا،کانفرنس کے شرکانے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ فورم نے کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کیلئے کوشاں ہے،کانفرنس کے شرکا نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے کانفرنس کے شرکا نے کہاکہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کتنے یونٹ استعمال کرنیوالوں کو مفت سولر پینل ملیں گے؟مہنگی بجلی سے پریشان صارفین کیلئے اہم خبر
فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کیلئے مکمل تعاون کا اعادہ کیا،فورم نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اورمعاشی ترقی و استحکام کیلئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی ۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ ”پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے“ آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ آرمی چیف نے کہاکہ ” درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی“ ۔