کورونا:پوری دنیا کا نظام صحت متاثر، تمام شہریوں کوویکسین لگنے تک پابندی برقرار ،ڈاکٹر فیصل 

Jun 05, 2021 | 12:28:PM

 (24نیوز)وزیرِاعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ جب تک تمام شہریوں کو کورونا ویکسین نہیں لگتی پابندیاں ختم نہیں ہو سکیں گی۔یہ بات وزیرِاعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیصل سلطان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وباء نے تمام ممالک کے صحت کے نظام کو متاثر کیا ہے، اس وبا کا مقابلہ کوئی ایک ملک تنہا نہیں کر سکتا۔ وزیرِاعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے خلاف پوری دنیا کو متحد ہونا ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 923 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 84 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 4 ہزار 380 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح تقریباً 4 فیصد رہی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 189 ہو گئی ہے، جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 30 ہزار 511 ہو چکی ہے۔ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 48 ہزار 937 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 452 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 8 لاکھ 60 ہزار 385 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 50 ہزار 393 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 34 لاکھ 71 ہزار 172 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 55 ہزار 6 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 82 لاکھ 63 ہزار 763 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
 
 یہ بھی پڑھیں:    ہم نے روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار کاوعدےہردور میں نبھایا ہے: بلاول بھٹو

مزیدخبریں