البانیہ: آرمی چیف نے صدر کا عہدہ سنبھال لیا

Jun 05, 2022 | 09:29:AM

 (ویب ڈیسک) البانیہ کی پارلیمنٹ نے ملک کی مسلح افواج کے سربراہ کو صدر کے بڑے علامتی عہدے کے لیے منتخب کر لیا۔ بجرم بیگج نے صدر کے عہدے پر منتخب ہوتے ہی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف کے عہدے سے علیحدگی اختیار کر لی ہے، بطور صدر اپنے نئے کردار میں وہ مسلح افواج کے کمانڈر انچیف بن جائیں گے۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق البانیہ کی 140 نشستوں والی پارلیمنٹ میں بجرم بیگج کے حق میں 78 ووٹ آئے اور یوں وہ اگلے پانچ سالوں کے لیے البانیہ کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہو گئے۔ بجرم بیگاج جولائی میں سبکدوش ہونے والے البانیہ کے صدر الیر میٹا سے عہدہ سنبھالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:دعا زہرہ کیس: پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی

واضح رہے کہ البانیہ میں صدر کا کردار بڑی حد تک علامتی ہے، تاہم صدر کو عدلیہ اور فوج پر کچھ اختیارات حاصل ہیں تاہم البانیہ میں سب سے زیادہ سیاسی طاقت پارلیمنٹ کے پاس ہے، بطور صدر بجرام بیگاج کو ملک کی آئینی عدالت کے نو ارکان میں سے تین کو نامزد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

 55 سالہ میجر جنرل بجرم بیگاج نے میڈیسن کی تعلیم حاصل کی، فوج میں شمولیت اختیار کی اور جولائی 2020 میں اعلیٰ فوجی ملازمت پر تعینات ہونے سے پہلے کئی عہدوں پر کام کیا۔ فوج میں مختلف عہدوں پر فائز رہنے کے بعد 2020 میں البانیہ کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس بن گئے۔

 خیال رہے کہ البانیہ 2009 سے نیٹو اتحاد کا رکن ہے اور یورپی یونین کی رکنیت کا خواہاں ہے۔

مزیدخبریں