(ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اسلام آباد واپسی پرخوش آمدید کہتے ہیں اور قانون کے مطابق انھیں سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عدالتی ضمانت ختم ہونے پر قانون کے مطابق فراہم کی گئی یہی سکیورٹی عمران خان کو بڑی خوش اسلوبی سے گرفتار کر لے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک میں ہنگامہ آرائی، فتنہ وفساد، افراتفری پھیلانے اور وفاق پر مسلحہ حملوں کے جرائم کے تحت درج دو درجن سے زائد مقدمات میں بطور ملزم نامزد ہیں۔
یاد رہے عمران خان نے 25 جون تک پشاور ہائی کورٹ سے راہداری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی حکام میں کھلبلی، بائیڈن آنا فاناً محفوظ مقام پر منتقل
خیال رہے پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے اور اطلاعات کے مطابق یہ اجلاس بنی گالہ میں ہو گا۔ اس بات کا امکان ہے کہ عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنی گالہ جائیں گے۔ چئیرمین پی ٹی آئی کی بنی گالہ متوقع آمد کے پیشِ نظر اطراف میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد پولیس کوعمران خان کی ٹیم کی طرف سے واپسی کی کوئی کنفرم اطلاع موصول نہیں ہوئی مگر انھوں نے بنی گالہ میں خصوصی سکیورٹی تعینات کردی ہے اور اسلام آباد پولیس عمران خان کو قانون کے مطابق مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی۔
ان کا کہنا ہے ہے کہ بنی گالہ میں موجود افراد کی لسٹ بھی پولیس کو مہیا نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی طرف سے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی قسم کے اجتماع پر پابندی ہے۔ ترجمان کے مطابق تمام پولیس افسران کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے نمٹنے کے لیے چوکس ہیں۔
پولیس کے مطابق کسی بھی غیرقانونی سرگرمی سے نمٹنے کے لیے بنی گالہ کے علاقہ میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ جاری ہے۔