(ویب ڈیسک)بنگلا دیش کے ایک کنٹینر ڈپو میں آگ لگنے سے کم از کم 34 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ چٹاگانگ سے 25 میل دور واقع سیتا کنڈا کے علاقے میں پیش آیا جہاں 4 جون کی شب ایک شپنگ کنٹینر ڈپو میں آگ لگ گئی۔خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے فائر بریگیڈ کے عملے نے بتایا کہ اس جگہ متعدد کنٹینرز میں کیمیکلز موجود ہے جن میں مسلسل دھماکے ہورہے ہیں جس کے باعث آگ کو اب تک بجھایا نہیں جاسکا۔
مقامی طبی عملے نے بتایا کہ آتشزدگی سے اب تک 34 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 300 سے زیادہ زخمی ہیں جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔آگ بجھانے میں مصروف ایک رضاکار نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی کچھ لاشیں متاثرہ حصے میں موجود ہیں۔چٹاگانگ کے پولیس سربراہ انور حسین نے بتایا کہ زخمیوں میں 40 فائر فائٹرز اور 10 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کم از کم 5 فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ کچھ زخمیوں کی حالت بہت زیادہ نازک ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اس کنٹینر میں ہائیڈروجن پری آکسائیڈ نامی کیمیکل موجود تھا اور ہم اس کیمیکل کے باعث اب تک آگ پر قابو نہیں پاسکے ہیں۔ضلع چٹاگانگ کے انتظامی سربراہ مومن الرحمان نے بتایا کہ حکومت نے 200 فوجی اہلکار متاثرہ علاقے میں تعینات کیے ہیں تاکہ کیمیکلز کو سمندر تک جانے سے روکا جاسکے،انہوں نے بتایا کہ آگ پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے مگر اب بھی کئی مقامات پر آگ کو بجھایا نہیں جاسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ ڈپو کے اندر کم از کم 7 ایکڑ رقبے پر پھیل گئی تھی اور آتشزدگی کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے،مقامی افراد نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد ہونے والا دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس جگہ سے کئی کلومیٹر دور واقع عمارتیں بھی لرز گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعدآسمان سے شعلے بارش کی طرح برسنے لگے، جس کے بعد باعث وہ خوفزدہ ہوکر گھر سے باہر نکل گئے۔
یہ بھی پڑھیں: خود سے بالاتر ہو کرملکی مفاد میں فیصلے کرنا ہونگے: وزیراعظم