(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بنی گالہ آمد کے موقع پر سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کو اندر جانے سے روک دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماء شہباز گل نے فیاض الحسن چوہان کو بنی گالہ میں داخل نہیں ہونے دیا۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ میں کافی دیر سے یہاں پہنچ چکا ہوں مگر اندر داخل نہیں ہونے دیا جا رہا جبکہ فون بھی کر رہا ہوں مگر کوئی فون کا جواب بھی نہیں دے رہا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان پشاور سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنی گالہ پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں کے شوقین افراد کے لئے اچھی خبر
دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اسلام آباد واپسی پرخوش آمدید کہتے ہیں اور قانون کے مطابق انھیں سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عدالتی ضمانت ختم ہونے پر قانون کے مطابق فراہم کی گئی یہی سکیورٹی عمران خان کو بڑی خوش اسلوبی سے گرفتار کر لے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک میں ہنگامہ آرائی، فتنہ وفساد، افراتفری پھیلانے اور وفاق پر مسلحہ حملوں کے جرائم کے تحت درج دو درجن سے زائد مقدمات میں بطور ملزم نامزد ہیں۔
یاد رہے عمران خان نے 25 جون تک پشاور ہائی کورٹ سے راہداری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔