عماد وسیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ سے آؤٹ

Jun 05, 2024 | 09:15:AM

(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے آلراؤنڈر عماد وسیم ورلڈ کپ کے پہلے میچ سے آؤٹ ہوگئے۔

آل راؤنڈر کی عدم دستیابی کی تصدیق کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ عماد وسیم سائیڈ اسٹرین کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ پہلا میچ نہیں کھیل پائیں گے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ عماد وسیم پہلا میچ نہیں کھیلیں گے مگر پرامید ہیں کہ وہ پاکستانی ٹیم کے بقیہ میچز میں دستیاب ہوں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہمارے کچھ کھلاڑی یہاں کھیل چکے ہیں جس کا فائدہ ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ امید ہے یہاں کی کنڈیشنز شاداب کو مدد فراہم کریں گی،کوشش کریں گے کہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرائیں، بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میرا ایک ہی ہدف ہے، ورلڈ کپ جیتنا۔

واضح رہے کہ پاکستان اپنا پہلا میچ امریکا کے خلاف 6 جون کوکھیلے گا، امریکہ کی ٹیم اپنے پہلے میچ میں کینیڈا کو شکست دے چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شاداب خان کی خراب پرفارمنس کے باوجود ٹیم میں ہونے کی اصل وجہ کیا ؟

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان اسکواڈ اِن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان جبکہ ٹیم میں کوئی ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی شامل نہیں ہے۔

پندرہ کھلاڑیوں میں ابرار احمد، اعظم خان، محمد عباس آفریدی، صائم ایوب اور عثمان خان کوپہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کےلیے منتخب کیا گیا ہےجبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے آخری بار 2016 اور 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلا تھا، دیگر آٹھ کھلاڑیوں نے 2022 میں آسٹریلیا میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔

پاکستان ٹیم کے گروپ میچز کا شیڈول:

6 جون : امریکہ، ڈیلاس

9جون: بھارت، نیویارک

11 جون: کینیڈا، نیویارک

16 جون: آئرلینڈ، لاڈرہیل

مزیدخبریں