لاہور،اسلام آباد کے درمیان فضائی سروس 1سال بعد بحال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پی آئی اے نے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان فضائی سروس 1 سال بعد بحال کر دی۔ اب لاہور اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی۔
کورونا وبا کے باعث لاہور اور اسلام آباد کے درمیان فضائی سروس تقریباً ایک سال تک معطل رہی۔اب پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 650 لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گئی ۔پروازوں کی بحالی کی خوشی میں لاہور ائر پورٹ پر کیک کاٹا گیا ۔اسٹیشن منیجر علی اصغر زیدی اور پی آئی اے عملے نے مسافروں کو الوداع کیا ۔ابتدائی طور پر لاہور اور اسلام آباد کے درمیان دو طرفہ ہفتہ وار پروازیں بروز پیر، بدھ اور جمعہ کو آپریٹ کی جائیں گی بکنگ میں اضافے کے بعد پروازوں کی تعداد کو بڑھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی آئی اے نے کراچی تا اسلام آباد اور کراچی تا لاہور کرایوں پر خصوصی رعایت کا اعلان کیا تھا جبکہ پی آئی اے نے بزرگ شہریوں کیلئے اندرون ملک کرایوں میں کمی کردی تھی۔ مسافروں کو اب 20 کلو سامان لے جانے کی رعایت کے ساتھ یک طرفہ کرایہ 7 ہزار 5 سو روپے ہو گا جبکہ 40 کلو سامان کے ساتھ یک طرفہ رعایتی کرایہ 8 ہزار 5 سو روپے ہو گا۔
قومی ایئر لائن کی جانب سے اندرونِ ملک نئے کرایوں کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ پی آئی اے کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ موسم بہار میں لوگ سفر کرنا اور سیاحت کرنا پسند کرتے ہیں۔قومی ایئر لائن کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اندرون ملک سیاحت اور جشن بہار کیلئے پی آئی اے نے یہ خصوصی کرائے متعارف کروائے گئے۔